Live Updates

مذہبی جماعتوں نے مرد امیدواروں کے خلاف خواتین کو میدان میں اتار دیا

اللہ اکبر تحریک نے 10 نشستوں پر،متحدہ مجلس عمل نے 33 جنرل نشستوں پر خواتین کو ٹکٹ جاری کیے،تحریک لبیک پاکستان نے 35 خواتین کو ٹکٹ جاری کردئیے

ہفتہ 7 جولائی 2018 15:20

مذہبی جماعتوں نے مرد امیدواروں کے خلاف خواتین کو میدان میں اتار دیا
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 جولائی2018ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات 2018 میں خواتین کو جنرل نشستوں پر ٹکٹ جاری کرنے والی سیاسی جماعتوں کی تفصیلات جاری کردیں ، مذہبی جماعتوں نے مرد امیدواروں کے خلاف خواتین کو میدان میں اتار دیا۔ اللہ اکبر تحریک نے 10 نشستوں پر،متحدہ مجلس عمل نے 33 جنرل نشستوں پر خواتین کو ٹکٹ جاری کیے،تحریک لبیک پاکستان نے 35 خواتین کو ٹکٹ جاری کردئیے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق چار سیاسی جماعتوں نے 5 فیصد خواتین کو جنرل نشستوں پر ٹکٹ جاری کرنے کے قانون کی خلاف ورزی کی، جن میں اللہ اکبر تحریک، جمعیت علمائے اسلام (س)، پی ٹی آئی (نظریاتی) اور پاسبان پاکستان شامل ہیں۔اللہ اکبر تحریک نے 240 جنرل نشستوں پر ٹکٹ جاری کیے اور قانون کے برخلاف 12کے بجائے 10 نشستوں پر خواتین کو ٹکٹ دیئے۔

(جاری ہے)

اسی طرح پاسبان پاکستان نے 20 جنرل نشستوں پر ٹکٹ جاری کیے اور کسی خاتون کو ٹکٹ نہیں دیا، جے یو آئی (س) نے 25 جنرل نشستوں کے ٹکٹ جاری کیے لیکن کسی خاتون کوٹکٹ نہیں دیا جبکہ پی ٹی آئی نظریاتی نے بھی 35 جنرل نشستوں پر ٹکٹ دیئے اور کسی خاتون کو ٹکٹ نہیں دیا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی نے سب سے زیادہ 43 خواتین کو جنرل نشستوں پر ٹکٹ جاری کیے۔مسلم لیگ (ن) نے 37 جنرل نشستوں پر خواتین کو ٹکٹ جاری کیے جبکہ قانون کے تحت (ن) لیگ کو کم از کم 32 جنرل نشستوں پر خواتین کو ٹکٹ دینا تھے۔پاکستان تحریک انصاف نے کل 769 جنرل نشستوں پر امیدواروں کو ٹکٹ دیئے، جن میں 42 خواتین شامل ہیں۔متحدہ مجلس عمل نے 33 جنرل نشستوں پر خواتین کو ٹکٹ جاری کیے۔

تحریک لبیک پاکستان نے 35، پاک سر زمین پارٹی نے 12، ایم کیو ایم پاکستان نے 6، آل پاکستان مسلم لیگ نے 8، پختونخوا ملی عوامی پارٹی نے 18، عوامی نیشنل پارٹی نے 14، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی ای) سندھ نے 8، نیشنل پارٹی نے 7، مسلم لیگ (ق) نے 5، بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) نے 3 اور بی این پی عوامی نے 2 جنرل نشستوں پر خواتین کو ٹکٹ دیئے۔اس طرح پیپلز پارٹی نے سب سے زیادہ 43، تحریک انصاف نے 42، مسلم لیگ (ن) نے 37، ایم ایم اے نے 33، اے این پی نے 14، جی ڈی اے اور آل پاکستان مسلم لیگ نے 8۔ 8، اور ایم کیو ایم نے 6 جنرل نشستوں پر خواتین کو ٹکٹ جاری کیے۔واضح رہے کہ عام انتخابات کے لیے پولنگ اس ماہ کی 25 تاریخ کو ہوگی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات