پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے کوشاں ہے لیکن امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھاجائے،ایڈمرل ظفرمحمود عباسی

ہفتہ 7 جولائی 2018 16:37

پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے کوشاں ہے لیکن امن کی خواہش کو ہماری ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2018ء) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفرمحمود عباسی نے کہاہے کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے کوشاں ہے لیکن امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھاجائے، پاک بحریہ پاکستان کی سلامتی کو درپیش خطرات کا دندان شکن جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاکستان نیول اکیڈمی کراچی میں 109ویں مڈ شپ مین اور 18 ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی پاسنگ آئوٹ پریڈ منعقد ہوئی، شارٹ سروس کورس میں پہلی مرتبہ خصوصی طور پر دینی تعلیم و ترغیب کے آفیسرز نے کمیشن حاصل کیا۔

پاس آئوٹ ہونے والوں میں دوست ممالک بحرین، سعودی عرب، اردن اور قطرکے کے 43 آفیسرز اور کیڈٹس بھی شامل ہیں۔پاسنگ آئوٹ پریڈ کے مہمان خصوصی پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفرمحمود عباسی تھے۔

(جاری ہے)

تقریب میں بحرین کی بحریہ کے سربراہ کموڈور محمد یوسف الآسام اور بحرینی کوسٹ گارڈ کے سربراہ میجر جنرل علا الدین بھی شریک تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمرل ظفرمحمود عباسی نے کہا کہ قومی مفادات کا تحفظ اور دفاعی خود مختاری ہماری ترجیحات ہیں۔

پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے کوشاں ہے لیکن ہماری امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھاجائے۔انہوں نے کہاکہ بحری دہشت گردی اور قزاقی کو روکنا ہمارا فرض ہے، پاک بحریہ نے قومی مفادات اور دفاعی خود مختاری کے حصول کے لیے بحرہند میں ریجنل میری ٹائم پٹرولز کے قیام کا فیصلہ کیا ہے جس سے بحری دہشت گردی، بحری قذاقی اوراسمگلنگ کی روک تھام ہوگی۔پاکستان خطے میں امن واستحکام کے لیے کوشاں ہے اورقومی مفادات کا تحفظ اور دفاعی خودمختاری ہماری ترجیحات ہیں۔۔اس موقع پر لیفٹیننٹ روحیل شہزاد کو قائداعظم گولڈ میڈل عطا کیا گیا، مڈشپ مین دایان احمد اکیڈمی ڈرک کے حقدار قرار پائے جبکہ مڈشپ مین کاشف قیوم کو اعزازی شمشیر سے نوازا گیا۔