جولائی کے دوران تحریک آزادی کشمیر و تحریک تکمیل پاکستان کے حوالے سے آزاد کشمیر بھر میں قومی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا

ہفتہ 7 جولائی 2018 19:10

مظفرآباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جولائی2018ء) ڈائریکٹر جنرل جموں وکشمیر لبریشن سیل فداحسین کیانی نے کہا ہے کہ جولائی کا مہینہ تحریک آزادی کشمیر میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ، وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کی ہدایت پر ماہ جولائی کے دوران تحریک آزادی کشمیر و تحریک تکمیل پاکستان کے حوالے سے آزاد کشمیر بھر میں قومی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا ۔

انہوں نے یہاں کشمیر سینٹر راولپنڈی میں ڈائریکٹر سینٹر سرور حسین گلگتی اور پریس اینڈ پبلیکیشنز نجیب الغفور کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران ماہ جولائی کے دوران منعقد ہونے والے پروگرامات کا جائزہ لیا ۔انہوں نے کہا کہ ماہ جولائی کو تحریک آزادی کشمیر کے حوالہ سے انتہائی اہمیت حاصل ہے ۔

(جاری ہے)

13 جولائی1931 کو 22مسلمانوں نے آذان کی تکمیل میں سینے پر گولیاں کھا کر ڈوگرہ دور حکومت کے خلاف جدوجہد آزادی کو نقطہ آغاز فراہم کیا اور ریاست کے اندر اپنے مقدس خون سے دو قومی نظریے کی بنیاد رکھی۔

19جولائی 1947 کو تاریخ ساز قرارداد الحاق پاکستان کے ذریعہ کشمیریوں نے اپنا مستقبل پاکستان کے ساتھ وابستہ کیا جبکہ تین سال قبل8جولائی کو برہان مظفروانی شہید کی شہادت نے مقبوضہ جموں کشمیر میں جدوجہد آزادی کو نئی جہت دی۔ 27جولائی 1946 کو قرارداد آزادکشمیر کی منظوری ہوئی انہوں نے کہا کہ اسی ماہ 31 جولائی کو ہی غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کا اور 10 جولائی کو مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان کا یوم وفات ہے ۔

میٹنگ کے دوران ان اہم ایام میں تقریبات کے انعقاد کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور پرگرامات کو حتمی شکل دی گئی۔فدا حسین کیانی نے کہا کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی ہدایات اور رہنمائی میں جموں وکشمیر لبریشن سیل تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے موثر انداز میں کام کر رہا ہے۔ڈائریکٹر کشمیر سینٹر راولپنڈی سرور حسین نے بتایا کہ سینٹر میں ان تمام قومی ایام کو تقریبات منعقد کی جائیں گی ۔