ڈرتے ہیں بندوقوں والے ایک نہتی لڑکی سے،مریم نواز نے بے نظیرشہید کے لیے لگائے جانے والا نعرہ خود بلند کردیا

مریم نواز نے یہ نعرہ اس وقت لگایا جب وہ اپنی پریس کانفرنس ختم کر کے واپس جارہی تھیں

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس ہفتہ 7 جولائی 2018 18:59

ڈرتے ہیں بندوقوں والے ایک نہتی لڑکی سے،مریم نواز نے بے نظیرشہید کے ..
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-07جولائی 2018ء) :ڈرتے ہیں بندوقوں والے ایک نہتی لڑکی سے،مریم نواز نے بے نظیرشہید کے لیے لگائے جانے والا نعرہ خود بلند کردیا۔ مریم نواز نے یہ نعرہ اس وقت لگایا جب وہ اپنی پریس کانفرنس ختم کر کے واپس جارہی تھیں۔کہا جاتا ہے کہ بدلتا ہے رنگ آسمان کیسے کیسے،کبھی وہی شریف خاندان جو آمر ضیا الحق کے ساتھ مل کر بے نظیر بھٹو شہید کے خلاف برسر پیکار تھا،آج وہی شریف خاندان بے نظیر کے لیے لگنے والے نعرے اپنے لیے استعمال کر کر فخر محسوس کرتا ہے ۔

تاریخ گواہ ہے کہ جب ضیاء کا دور عروج پر تھا اور سابق وزیر اعظم ذولفقار علی بھٹو جیل میں تھے اور انکی صاحبزادی اس دور آمریت کے خلاف برسرپیکار تھیں۔تو اس وقت ایک نعرہ بہت مقبول ہواتھا ۔ہر گلی ہر کوچے میں پیپلز پارٹی کے جیالے یہ نعرے لگاتے پھرتے تھے کہ ڈرتے ہیں بندوقوں والے ایک نہتے لڑکی سے۔

(جاری ہے)

یہ وہ دور تھا جب نوازشریف اور شریف خاندان ضیاالحق کے ہم پیالہ و ہم نوالہ تھا اور آج یہ وقت ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نوازیہی تاریخی نعرہ اپنے لیے لگاتی ہیں ۔

کل جب ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ آیا تو اس کا رد عمل دینے کے لیے نواز شریف اور مریم نواز نے لندن میں پریس کانفرنس کی اور اس پریس کانفرنس میں انہوں نے عدالتی فیصلے کو قبول کرنے کی بجائے ساری بات ہی نادیدہ قوتوں پر ڈال دی۔اس پریس کانفرنس کے اختتام پر جب مریم نواز اٹھ رہی تھیں تو انہوں نے بے نظیر کے لیے استعمال ہونے والا وہی نعرہ لگا دیا جو بی بی شہید کے لیے استعمال ہوتا تھا کہ ڈرتے ہیں بندوقوں والے ایک نہتی لڑکی سے۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے بھی جب نواز شریف کے خلاف پانامہ کا فیصلہ آیا تھا تو اس وقت بھی مسلم لیگ ن کے کارکنان نے یا اللہ یا رسول نواز شریف بے قصور کا نعرہ لگایا تھا حالانکہ یہ نعرہ بھی پیپلزپارٹی کے جیالوں نے اس وقت لگایا تھا جب بے نظیر کے خلاف فیصلہ آیا تھا اور اس وقت کے صدر فاروق لغاری نے انکی حکومت برطرف کردی تھی۔