راجہ فاروق حیدر نے آزادکشمیر میں مہاراجہ ہری سنگھ کا روپ دھار رکھا ہے ،وہ گالم گلوچ برگیڈ کے صدر ہیں، سردار عتیق

حکومت آزادکشمیر نے تیرویں ترمیم کے ذریعے آزادکشمیر کے عوام کے حقوق حکومت پاکستان کو دے دیئے، آزادکشمیر کے عوام کو سہولیات کی بجائے انپر مہاراجہ دور کے ٹیکس نافذ کرنے کی کوشش کی گئی ،عوام او رتاجران ان ٹیکسز کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں آل آزادکشمیر انجمن تاجران کی 10جولائی کو آزاد کشمیر بھر میں احتجاجی مظاہروں کی کال کی بھرپور حمایت کر تے ہیں،ر صدر مسلم کانفرنس

ہفتہ 7 جولائی 2018 20:33

راولاکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 جولائی2018ء) سابق وزیراعظم آزادکشمیر اور صدر مسلم کانفرنس، ممبر اسمبلی سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ راجہ فاروق حیدر نے آزادکشمیر میں مہاراجہ ہری سنگھ کا روپ دھار رکھا ہے ،راجہ فاروق حیدر آزادکشمیر میں گالم گلوچ برگیڈ کے صدر ہیں ۔ فاروق حیدر دوغلی پالیسی پر گامزن ہیں۔حکومت آزادکشمیر نے تیرویں ترمیم کے ذریعے آزادکشمیر کے عوام کے حقوق حکومت پاکستان کو دے دیئے ہیں ۔

تیرویں ترمیم میں کوئی ایک شق بھی آزادکشمیر کے عوام کے مفاد میں نہیں ہے ۔تیرویں ترمیم کے ذریعے آزادکشمیر کے عوام کو سہولیات دینے کے بجائے آزادکشمیر کے عوام پر مہاراجہ دور کے ٹیکس نافذ کرنے کی کوشش کی گئی ہے ۔آزادکشمیر کے عوام او رتاجران ان ٹیکسز کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں ۔

(جاری ہے)

آل آزادکشمیر انجمن تاجران نے 10جولائی کو ان ٹیکسز کے خلاف پورے آزاد کشمیر میں جو احتجاجی مظاہروں کی کال دی ہے مسلم کانفرنس اس کی بھرپور حمایت کرتی ہے ۔

مسلم کانفرنس کے کارکنان ان مظاہروں میں ضرور شریک ہوں ۔حکومت آزادکشمیر نے جب ان ٹیکسز کا نفاذ کرنے کی کوشش کی تو سب سے پہلے مسلم کانفرنس نے اس پر اپنا ردعمل دیا انہوں نے کہا کہ ہم سردار خالد ابراہیم خان کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ ہم عدلیہ کا عزت و احترام کرتے ہیں لیکن عدلیہ کے عزت و وقار پر کوئی سودے بازی نہیں کی جائے گی ۔۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے راولاکوٹ میں آ ل آزادکشمیر انجمن تاجران کے ترجمان سردار وسیم خورشید کی قیادت میں ملنے والے تاجران کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

وفد میں راولاکوٹ انجمن تاجران کے جنرل سیکرٹری سردار مصطفی سعید، سردار عمر نذیر کشمیری ، سردار شاہد خورشید ، سردار خالد محمود خان شامل تھے ۔سردار عتیق احمد خان نے اس موقع پر انجمن تاجران کے عہدیداران کو اپنے مکمل حمایت کا یقین دلایا ۔جبکہ اس موقع پر آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس کے مرکزی نائب صدر سردار طاہر اکرم ایڈووکیٹ، سابق ایڈمنسٹریٹر سردار محمد ارشاد خان، ضلعی صدر سردا ر اظہر نذر خان، حلقہ نمبر تین کے صدر خواجہ جاوید، مسلم یوتھ ونگ مرکزی سیکرٹری جنرل سردار طاہر سلطان اور دیگر بھی موجود تھے ۔