Live Updates

تحریک انصاف نے پنجاب پر قابض قوتوں کو جمہوریت کے ذریعے شکست دی،شاہ محمودقریشی

ہفتہ 7 جولائی 2018 21:51

تحریک انصاف نے پنجاب پر قابض قوتوں کو جمہوریت کے ذریعے شکست دی،شاہ ..
ملتان۔7 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جولائی2018ء) پی ٹی آئی کے سینئررہنماء شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ انہوں نے پنجاب میں اس طاقت کامقابلہ کیا جو کئی سالوں سے صوبے میں قابض تھی اور بالآٰخر جمہوریت کے ذریعے اسے شکست دی۔ہم نے کرپشن فری پاکستان کاعزم کررکھا ہے جس نے ملک لوٹا اس کاباری باری احتساب ہوگا۔وہ گلشن مارکیٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔

انہوںنے مجلس وحدت المسلمین کا شکریہ ادا کیا کہ اس نے 25جولائی کے انتخاب میں بھرپور ساتھ دینے کاعزم کیاہے۔انہوں نے کہاکہ سندھ میں بھی احتساب کاعمل شروع ہوچکا ہے اوربہت بڑی تبدیلی آئی ہے کہ سروری جماعت کا سربراہ پی پی پی کے رہنماء آصف زرداری سے اپنا حق مانگنا شروع کردیا ہے۔امین فہیم کے خاندان کو وہ مقام نہیںدیاگیا جو ذوالفقارعلی بھٹو اوربے نظیر بھٹو دیتی تھیں۔

(جاری ہے)

شاہ محمودقریشی نے کہاکہ بے نظیر بھٹو اور آصف زرداری میں دن اور رات جیسا فرق ہے اور عمران خان کی بڑی کامیابی یہ ہے کہ اس نے ’’مک مکا‘‘کی سیاست کو ختم کردیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ میں آج سندھ روانہ ہورہا ہوں ۔مجھے علم ہے کہ سندھ پر کس سوچ کا قبضہ ہے وہ قبضہ چھڑانا ہے ۔زرداری کا قریبی ساتھی گرفتارہوچکا ہے اس نے 35ارب کی منی لانڈرنگ کی اور 29غیرقانونی اکائونٹس آپریٹ کیے ۔

انہوں نے کہاکہ کل کافیصلہ آیا تو میاں برادران میں تضادات کھل کر سامنے آگئے ۔ایک نے لندن میں اور دوسرے نے لاہور میں پریس کانفرنس کی۔انہوں نے کہاکہ ہم سمجھ رہے تھے کہ نوازشریف کل کی پریس کانفرنس میں واپس آنے کی تاریخ دیں گے مگر انہوں نے نہیں بتائی۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ(ن)کوجان لینا چاہیے کہ اسے مظلومیت کا کوئی ووٹ نہیں ملنا اور نہ اس پر کوئی پابندی ہے کہ وہ اپنے جلسے جلوس روکے۔

پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین نے کہاکہ تمام جماعتیں ان کے منشور اور جلسوں کے انعقاد کے طریقے نقل کررہی ہیں۔تحریک انصاف وہ جماعت ہے جس میں وراثتی نظام نہیں ہے۔یہاں عمران خان کے بعد ان کے بیٹے نہیں آئیں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہاکہ اسٹیبلشمنٹ نے نتائج کافیصلہ نہیں کرنا بلکہ سیاست اور ووٹ کا فیصلہ ہمیشہ عوام نے کرنا ہوتا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات