نگران حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا

مختلف پیٹرولیم مصنوعات پر عائد سیلز ٹیکس میں 5 سے 8 فیصد تک کمی کی جائے گی، فیصلے کا اطلاق ہفتے کی شب 12 بجے سے ہوگا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 7 جولائی 2018 22:55

نگران حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا
اسلام آباد (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔07 جولائی 2018ء) نگران حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرنے کا فیصلہ، مختلف پیٹرولیم مصنوعات پر عائد سیلز ٹیکس میں 5 سے 8 فیصد تک کمی کی جائے گی، فیصلے کا اطلاق ہفتے کی شب 12 بجے سے ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق نگران حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نگران حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات پر عائد سیلز ٹیکس میں کمی کرکے ان کی قیمتوں میں کمی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات علی ظفر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مختلف پیٹرولیم مصنوعات پر عائد سیلز ٹیس میں 5 سے 8 فیصد تک کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کمی کے باعث حکومت کو ماہانہ 10 ارب روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑے گا۔ تاہم نگراں حکومت عوامی مشکلات سے مکمل آگاہ ہے اور امید ہے پیٹرول کی قیمتوں میں کمی سے معاشی پہیہ تیزی سے چلے گا۔

(جاری ہے)

فیصلے کے تحت ہائی اسپیڈ ڈیزل پر سیلزٹیکس کی شرح 31 سے 24 فیصد، لائٹ ڈیزل کی سیلز ٹیکس کی شرح میں 17سے9 فیصد جبکہ موٹرسپرٹ اورکیروسین آئل میں ٹیکس کی شرح 17سے12فیصد کمی کرنیکا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 26 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 37 پیسے، لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 54 پیسے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے 74 پیسے کی کمی کی گئی ہے۔ پیٹرول کی فی لیٹر نئی قیمت اب 95 روپے 24 پیسے، مٹی کے تیل کی فی لیٹر نئی قیمت 83 روپے 96 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر نئی قیمت 112 روپے 94 پیسے جبکہ لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر نئی قیمت 75 روپے 37 پیسے ہوگی۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق ہفتے کی رات 12 بجے سے ہوگا۔