ایسا معاشرہ چاہتا ہوں جہاں ہر کسی کو برابری کا موقع ملے، ہم عوام کو لاوارث نہیں چھوڑیں گے

میرا مقابلہ بے روزگاری ، بھوک اور معاشی نا انصافی سے ہے،بلاول بھٹو زرداری کا جلسہ عام سے خطاب

ہفتہ 7 جولائی 2018 23:56

ایسا معاشرہ چاہتا ہوں جہاں ہر کسی کو برابری کا موقع ملے، ہم عوام کو ..
اوچ شریف۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جولائی2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام نے فیصلہ کرنا ہے کہ انہیں میٹرو چاہئے یا تعلیم اور روزگار چاہئے، ہمیں شو بازی اور یوٹرن نہیں چاہئے، ہمیں مسائل کا حل چاہئے، کھارے پانی کو میٹھا کرنے کیلئے آر او پلانٹس لگائیں گے، میرا مقابلہ بے روزگاری ، بھوک اور معاشی نا انصافی سے ہے۔

یہاں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ ہمارے منشور میں بھوک مٹائو پروگرام شامل ہے۔ ہم غریب عوام کا خیال کرتے ہیں، کسانوں کو کسان کارڈ دیئے جائیں گے، کسان کارڈ کے ذریعے فصلوں کی انشورنس بھی ہوگی،پیپلزپارٹی کے کسان کارڈ سے کسانوں کو سستی کھاد ملے گی،کسان خوشحال ہوگا تو ملک خوشحال ہوگا،یہ تمام چیزیں ملک کے عوام کیلئے حاصل کرکے رہوں گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں ایسا معاشرہ چاہتا ہوں جہاں ہر کسی کو برابری کا موقع ملے، ہم عوام کو لاوارث نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقابلہ کسی جماعت سے نہیں عوام کے مسائل سے ہے، غریب عوام کیلئے صرف پیپلزپارٹی نے کام کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے اس الیکشن کیلئے انقلابی منشور تیار کیا، عوام اور کسان دوست منشور لے کر آیاہوں، کسانوںکیلئے بینظیر کارڈ شروع کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے وفاق کو مضبوط کیا اور بی بی کی شہادت کے بعد ملک کو سنبھالا، ان کو گیارہ سال جیل میں رکھا گیا، ہم اپنے قائدین کی قربانیوں کو ضائع نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طویل سفر کرکے آپ تک پہنچا ہوں، کراچی سے خیبر تک پرجوش استقبال کیا گیا، میں خوشحال پاکستان اور غریب عوام کیلئے میدان عمل میں ہوں ، جو جیالے میرے ساتھ کھڑے ہیں ان کو سلام پیش کرتا ہوں۔

پاکستان کی ہر ماں میری ماں ہے میں ان کا خیال رکھوں گا، بی بی شہید کے بعد کارکنوں کو لاوارث نہیں چھوڑوں گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ترجیحات عوام کو عزت دینا اور ان کی مشکلات کو دور کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو باوقار بنانے کیلئے الیکشن لڑ رہا ہوں آپ کا ووٹ ملک کی تقدیر بدل سکتا ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان میں قانون کی حکمرانی ہونی چاہئے، ایسا معاشرہ چاہتا ہوں جہاں ہر کسی کو برابری کا موقع ملے۔