ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز سیفٹی میعار پر سمجھوتہ نہ کریں ۔چیئرمین ایل پی جی ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر

اتوار 8 جولائی 2018 01:20

گوجرانوالہ ۔7 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2018ء) ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز سیفٹی میعار پر سمجھوتہ نہ کریں ،کاروبار کے ساتھ ساتھ ایک محفوظ معاشرے کی تشکیل مقدّم ہے ،ان خیالات کا اظہار عرفان کھوکھر چیئرمین پاکستان LPGانڈسٹریز ایسوسی ایشن نے کیا وہ گزشتہ روز ڈسٹرکٹ سول ڈیفنس آفس میںLPGڈسٹری بیوٹرز کی ہفتہ بھر سے جاری فائر سیفٹی ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء سے خطاب کررہے تھے ان کا کہنا تھا کہ LPGگیس کاروبار کے متعلق بڑا منفی پراپیگنڈہ پھیلایا گیا ہے ،ْ ایل پی جی ایسوسی ایشن ڈی کینڈنگ کی کسی صورت حوصلہ افزائی نہیں کرتی جو آپکی اپنی زندگی کیلئے بڑا رسک ہے ،اختتامی تقریب میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر چیمبر آف کامرس و چیف وارڈن تنظیم شہری دفاع گوجرانوالہ سعید احمد تاج نے کہا کہ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز کا ملکی تعمیر و ترقی میں ایک بڑا کردار ہے جنکے بغیر ہمارا چولہا جلنے سے قاصر ہے لیکن بارود نما ایل پی جی کا کاروبار انتہائی خطرناک بھی ہے جسکے لئے حفاظتی اقدامات ناگزیر ہیں ،شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے محمد جاوید ڈسٹرکٹ سول ڈیفنس آفیسر نے کہا کہ اِس ورکشاپ کا مقصد آپ لوگوں میں حفاظتی شعور کو اجاگر کرنا مقصود تھا تاکہ ہم اپنے معاشرے کو محفوظ و مامون بنا سکیں،تقریب میں دیگر مقررین عاطف جاوید چیئرمین ایل پی جی اسٹینڈنگ کمیٹی ،چیف انسٹرکٹر سید توصیف رضا،انسٹرکٹر قیصر عباس اور احمد ڈار ماسٹر ٹرینر سول ڈیفنس نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور شرکاء پر حفاظتی اقدامات کے انتظامات کرنے پر زور دیا،تقریب کے اختتام پر شرکاء میں اسناد اور مہمانانِ گرامی میں یادگیری شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔