برہان وانی کشمیر کا نڈر سپوت تھا جس کی عظیم شہادت نے تحریک آزادی کو نیا ولولہ اور جوش عطا کیا ،راجہ فا روق حیدر

مقبول بٹ شہید سے لیکر برہان وانی شہید اور اس سے لیکر آج تک دھرتی ماں کی آزادی کیلئے اپنی جانیں نچھاور کرنیوالے عظیم بیٹوں کو سلام عقیدت پیش کرتا ہوں ، وزیر اعظم آزاد کشمیر

اتوار 8 جولائی 2018 15:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2018ء) آزادجموں وکشمیر کے وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ برہان وانی کشمیر کا نڈر سپوت تھا جس کی عظیم شہادت نے تحریک آزادی کو نیا ولولہ اور جوش عطا کیا۔مقبول بٹ شہید سے لیکر برہان وانی شہید اور اس سے لیکر آج تک دھرتی ماں کی آزادی کیلئے اپنی جانیں نچھاور کرنیوالے عظیم بیٹوں کو سلام عقیدت پیش کرتا ہوں۔

بھارت اور اسرائیل کا گٹھ جوڑ کشمیریوں اور خطے کیلئے انتہائی نقصان دہ ہے۔پاکستانی قوم اور قومی میڈیا کے شکرگزار ہیں جنہوں نے ہر موڑ پر کشمیریوں کی سیاسی،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھی۔کشمیری بھارتی فوج کو مقبوضہ کشمیر سے بھگا کر دم لیں گے۔وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار عظیم کشمیری مجاہد برہان وانی شہید کی برسی کے موقع پر ڈی چوک میں ایک بڑے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوے کیا۔

(جاری ہے)

مظاہرے سے کل جماعتی حریت کانفرنس کے قائدین غلام محمد صفی،سید فیض نقشبندی،حمید لون سمیت دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ بھارتی مقبوضہ جموں وکشمیر میں قابض فورسز کے ہاتھوں شہید کیا گیا بائیس سالہ کشمیری نوجوان اور حریت پسند برہان مظفر وانی ایک ہونہار طالب علم تھامگر جب اس نے دیکھا کہ بھارتی فوج ظلم وجبر کی تمام حدیں پار کر چکی ہے تو وہ میدان عمل میں آ گیا۔

انہوں نے کہا کہ برہان وانی پوری کشمیری قوم کا ہیرو ہے۔انہوں نے کہا کہ میں اس مظاہرے کے ذریعے میرواعظ عمر فاروق ،سید علی گیلانی،یسین ملک۔شبیر احمد شاہ سمیت بہن آسیہ اندرابی کو پیغام دے رہا ہوں کہ ہم سب ان کے ساتھ ہیں وہ اکیلے نہیں ہیں گلگت بلتستان سمیت آزادکشمیر کے عوام اور پوری پاکستانی قوم ان کی پشت پر ہے۔انہوں نے کہا کہ برہان وانی کو کشمیر میں بھارتی ذلت آمیز رویے کے خلاف غصہ تھا اور وہ اپنی سرزمین پر بھارتی جابرانہ قبضے کے خلاف تھا۔

انہوں نے کہا کہ برہان وانی کی شہادت کے بعد جنم لینے والے احتجاجی مظاہروں کی شدت نے اقوام متحدہ اور عالمی میڈیا کو خاموشی ختم کرنے پر مجبور کردیا،انہوں نے کہا کہ قائد پاکستان محمد نواز شریف نے اس نڈر مجاہد کشمیر کا نام اقوام متحدہ میں لیکر جب اسے خراج عقیدت پیش کیا تو بھارتی ایوانوں میں آگ لگ گئی۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق زید رعد الحسین نے سال 2016 سے انسانی حقوق کونسل جنیوا کے ہر اجلاس میں مسئلہ کشمیر کو اٹھایا اور اب جون 2018 میں اقوام متحدہ کی کشمیر پر پہلی عالمی رپورٹ میں برہان وانی کا نام لیا، رپورٹ سے پانچ دہائیوں میں پہلی مرتبہ کشمیرعالمی ایجنڈے میں سرفہرست آیا، اقوام متحدہ نے برہان وانی کے ساتھ ساتھ کنن پوشپورہ اجتماعی جنسی زیادتی جیسے کئی دبے ہوئے بھارتی مظالم بھی اقوام عالم کے سامنے عیاں کر دیئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج برہان وانی کشمیر کی پرامن تحریک آزادی کی علامت بن گیا ہے اورآج اس کا نام اقوام متحدہ کی دستاویزات کا حصہ ہے۔ہم آج کے دن اس مجاہد کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوے عہد کرتے ہیں کہ اس کی مشن کی تکمیل کیلیے ہر کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔اس موقع پر مقررین نیبرہان وانی شہید کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ آزادی کشمیر تک برہان وانی کا مشن جاری رہے گا۔