Live Updates

عام انتخابات2018،پاکستان کی بڑی اور چھوٹی سیاسی جماعتوں نے تاجر اور صنعتکار برادری کے رہنمائوں کو بھی انتخابی میدان میں اتاردیا

اتوار 8 جولائی 2018 17:21

�راچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2018ء) ملک میں25جولائی2018 کو ہونے والے عام انتخابات میں پاکستان کی بڑی اور چھوٹی سیاسی جماعتوں نے تاجر اور صنعتکار برادری کے رہنمائوں کو بھی انتخابی میدان میں اتاردیا ہے اور انہیں اہم حلقوں سے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ٹکٹ دیئے ہیں۔بزنس کمیونٹی کا خیال ہے کہ نجی شعبے کے نمائندوں کو پارلیمنٹ میں پہنچنا چاہیئے تاکہ ملکی معیشت میں سدھار آسکے جو گزشتہ پانچ پانچ سال کی پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ(ن)کی حکومتوں میں بدترین حالات سے دوچار رہی ہے۔

تاجراورصنعتکار نمائندوں کو پاکستان پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ(ن)،تحریک انصاف،متحدہ قومی موومنٹ پاکستان، متحدہ مجلس عمل،پاک سرزمین پارٹی اور دیگر سیاسی جماعتوں نے ٹکٹ دیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ پیپلز پارٹی نے صوبہ سندھ سے زراعت کے شعبے سے وابستہ ان افراد کو ہی ٹکٹ دیئے ہیں جو پہلے بھی منتخب ہوتے رہے ہیں اسی طرح مسلم لیگ نے پنجاب میں بھی شعبہ تجارت سے وابستہ ان شخصیات کودوبارہ ٹکٹ دیئے ہیں جوس گزشتہ انتخابات میں بھی کامیاب ہوتے رہے اور حکومت میں شامل رہے ہیں۔

تحریک انصاف کی جانب سے دوسری جماعتوں سے نکلے ہوئے یا نکالے گئے کئی ایسے افراد کو ٹکٹ دیئے ہیں جنکا تجارت سے تعلق ہے۔ ملک بھر سے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ٹکٹ پر جو تاجرنمائندے اپنی قسمت آزمارہے ہیں ان میں کراچی سے موجودہ ڈپٹی میئرڈاکٹر ارشد وہرہ حلقہ این اے 256 سے پی ایس پی کے ٹکٹ پر حصہ لے رہے ہیں،یہ حلقہ ایف بی ایریا سمیت نیوکراچی اور لیاقت آباد کے چندعلاقوں پر مشتمل ہے۔

ڈاکٹر ارشدوہرہ معروف صنعتکار ہیں وہ سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے چیئرمین اور کراچی چیمبر آف کامرس کی مینجنگ کمیٹی کے رکن رہ چکے ہیں جبکہ متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے ایم پی اے بھی منتخب ہوچکے ہیں۔،انکا انتخابی نشان ڈولفن ہے۔ زاہد سعیدحلقہ این ای244 سے متحدہ مجلس عمل کے امیدوار ہیں اور وہ پہلے بھی قومی اسمبلی کا الیکشن لڑچکے ہیں،زاہد سعیدکا تعلق فارما سیکٹر سے ہے اور وہ اس وقت ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر ہیں،وہ کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صدراورپاکستان فارما سیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن(پی پی ایم ای) کے چیئرمین رہ چکے ہیں،زاہد سعید کا انتخابی نشان کتاب ہے اور انکا حلقہ فیصل کینٹ،فیروزآباد،بلوچ کالونی،محمودآبادپر مشتمل ہے۔

اسی حلقے سے سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل بھی مسلم لیگ(ن)کے امیدوار ہیں اور وہ ایک ممتاز صنعتکار گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں،انکے بھائی مقصوداسماعیل فیڈریشن چیمبر آف کامرس کے نائب صدر بھی رہ چکے ہیں،مفتاح اسماعیل کا انتخابی نشان شیر ہے۔معروف تاجرسعید شفیق بھی اسی حلقے سے پاک سرزمین پارٹی کے ٹکٹ پرامیدوار ہیں،وہ کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر رہ چکے ہیں۔

حلقہ این ای255سے محمود مولوی تحریک انصاف کے ٹکٹ پر حصہ لیں گے۔ محمودمولوی رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین رہ چکے ہیں جبکہ انہوں نے الیکشن کمیشن کے ایک ممبر کی حیثیت سے دسمبر2017میں ایف پی سی سی آئی کے الیکشن بھی کرائے تھے۔حلقہ این اے 256 کراچی سینٹرIV نارتھ ناظم آباد اور اطراف کے علاقوں سے ایم کیوایم(پاکستان)کے امیدوارعامرولی الدین چشتی کا تعلق بھی ایک معروف تجارتی وصنعتی گھرانے سے ہے،انکا انتخابی نشان پتنگ ہے۔

وہ سابق ایم پی اے خالدبن ولید کے بھائی ہیں اور انکا تعلق پیٹرولیم سیکٹر سے ہیں جبکہ مختلف شعبوں میں انکے گروپ کی سرمایہ کاری ہے۔ پاکستان کی صنعتکار برادری کا ایک اور بڑا نام دانش خان پاک سرزمین پارٹی کے ٹکٹ پر این ای241 سے حصہ لیں گے،انکا یہ حلقہ کورنگی اورلانڈھی کے کچھ علاقوں پر مشتمل ہے ۔دانش خان کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی)کے فعال ممبر ہیں،وہ پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن (پی ٹی ای)کے چیئرمین بھی رہ چکے ہیں اور انکا تعلق لیدرایکسپورٹ سے ہے۔

غلام ہاشم نورانی تحریک لبیک پاکستان(ٹی ایل پی)کے ٹکٹ پر پی ایس106سے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں انکا تعلق میڈیسن کے کاروبار سے ہے۔نعمان بدرفاروقی کا تعلق کنفکشنری کے بزنس سے ہے وہ حلقہ پی ایس 101سے حصہ لے رہے ہیں،نعمان بدرفاروقی مقامی روزنامہ کے ایڈیٹر بھی ہیں انکاانتخابی نشان مکان ہے۔ محمد حسین محنتی کا تعلق بھی شعبہ تجارت سے ہے اور وہ ایم ایم اے کے ٹکٹ پر حلقہ 247 سے حصہ آزاد امیدوار کے طور پرحصہ لے رہے ہیں۔

پی ایس 129سے نوجوان صنعتکار فیصل معیز خان پی ایس پی کی جانب سے امیدوار ہیں اور انکا حلقہ نارتھ ناظم آباد اور ناظم آباد کے علاقوں پر مشتمل ہے،فیصل معیز نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (نکاٹی)کے سرپرست اعلی کیپٹن معیز خان کے صاحبزادے ہیں۔پاک سرزمین پارٹی سے ہی لیاری اور آرام باغ کے حلقہ نمبر107سے ایک خاتون بزنس مین ثمینہ بلال بھی حصہ لے رہی ہیں جنکی ٹریول ایجنسی ہے۔

حاجی عطاالرحمان ایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدرہیں اور وہ پی پی210جہانیاں سے اپنی قسمت آزمائیں گے ۔فاروق خلجی بلوچستان کے حلقہ پی بی 28سے پشتونخواملی عوامی پارٹی کے نامزد امیدوارہیں اور انکا انتخابی نشان درخت ہے،فاروق خلجی ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر رہ چکے ہیں اور بلوچستان کی معروف کاروباری شخصیت ہیں۔ محمدجنیدمکاتی کا تعلق بھی تجارت سے ہے اور وہ ایم ایم اے ٹکٹ پر پی ایس103 سے حصہ لیں گے۔

ایف پی سی سی آئی کی سابق نائب صدرفہمیدہ جمالی بلوچستان سے حلقہ نمبرپی بی32سے تحریک انصاف کے ٹکٹ پر صوبائی نشست پر انتخاب لڑ رہی ہیں،فہمیدہ جمالی کوئٹہ میں پہلی خاتون ہیں جو جنرل سیٹ پر الیکشن لڑنے جا رہی ہیں۔ایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدروسیم وہرہ پی ایس 110سے مسلم لیگ(ن)کے ٹکٹ پر پہلی بار الیکشن لڑ رہے ہیں جبکہ پی ایس 111سے تاجر اور پی پی پی کے رہنما سمیرمیرشیخ کے بھائی شیخ جاوید میر مسلم لیگ(ن)کے ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

حلقہ243سے مسلم لیگ(ن)کے ہی ٹکٹ پر حاجی شاہجہاں امیدوار ہیں،وہ سبزی اور فروٹس کے تھوک کاروبار سے وابستہ ہیں اور فلاحی انجمن سبزی منڈی کے چیئرمین رہ چکے ہیں۔ عبدالرشید نورانی ملک کی معروف بزنس مین عبدالرزاق نورانی کے صاحبزادے ہیں اور بزنس کے ساتھ ساتھ فلاحی کاموں میں بھی پیش پیش رہتے ہیں وہ پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پرPS-109 کراچی ساتھ3سے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں ۔

مقامی تاجرایاز میمن موتی والا آزاد امیدوار کی حیثیت سے این ای243، پی ایس 110 اورپی ایس 111 سے انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں ۔وہاڑی چیمبر کے ممبراورکاشتکار زاھداقبال چوھدری حلقہ پی پی 234 وھاڑی سے پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر امیدوار ہیں۔ایک اور تاجر ندیم شیخ حلقہ این اے 62سے امیدوار ہیں۔امجداللہ خان پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر این ای253سے امیدوار ہیں،وہ ایم کیو ایم چھوڑ کر پی پی پی میں گئے تھے، امجداللہ کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے سینئروائس چیئرمین بھی رہ چکے ہیں۔

آفاق جمیل بزنس مین ہیں اوروہ پی ایس پی کے ٹکٹ پراین ای237سے حصہ لیں گے یہ حلقہ ایئرپورٹ،مراد میمن،ابراہیم حیدری،ملیرکینٹ پر مشتمل ہے۔را محمدزبیرپراپرٹی ڈیلرہیں اور وہ پی ایس پی کے ٹکٹ پرکراچی کے حلقہ این ای238سے حصہ لیں گے یہ حلقہ لانڈھی،کورنگی کریک،ابراہیم حیدری پر مشتمل ہے۔تجارت وصنعت سے تعلق رکھنے والی شخصیات کا رجحان قومی سیاست میں حصہ لینے کیلئے بڑھ گیا ہے اورحال ہی میں رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سابق چیئرمین عبدالرحیم جانواورٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سابق چیئرمین محمد یحییٰ پولانی نے بھی عقیل کریم ڈھیڈھی اور عمران خان کی موجودگی میں تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات