یوتھ فورم فار کشمیر کی برہان وانی کے یوم شہادت پر ریلی

وانی کی شہادت تحریک آزادی کشمیر کے نئے باب کا عنوان جس نے مقبوضہ کشمیر میں اپنے لہو سے جو چراغ روشن کیا

اتوار 8 جولائی 2018 19:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2018ء) یوتھ فورم فار کشمیر لاہورکے زیر اہتمام کشمیری حریت پسند رہنمائ برہان الدین وانی کے یوم شہادت پر ریلی ایوان اقبال تا لاہور پریس کلب نکالی گئی۔جس کی قیادت چیف آرگنائزر طارق احسان غوری نے کی۔ ریلی میں مختلف سیاسی پارٹیوں کے نوجوانوں اور یوتھ فورم فار کشمیر کے سینکڑوں رضا کاروںنے شرکت کی۔

اس موقعہ پر قابض بھارتی افواج کے بدترین مظالم ،بے گناہ کشمیریوں کی ہلاکت ،کشمیری قیادت اور کشمیری نوجوانوں کی بلا جواز گرفتاریوں کیخلاف شدید نعرے بازی کی گئی،ریلی سے خطاب کرتے ہوئے طارق غوری نے کہا کہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج نے ظلم و ستم کی انتہا کر دی ہے اور بھارتی حکمرانوں نے بین الا قوامی برادری کی آنکھوں میں دھول جونکھنے کیلئے کشمیر میں گورنر راج نافذ کر کے لوگوں کو آئینی حقوق سے بھی محروم کر دیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پوری وادی کشمیر کو کرفیوں لگا کر تمام شہریوں کو گھروں میں بند کر دیا گیا ہے ۔ تمام کشمیر قیادت نظر بند ہے جبکہ ہزاروں بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو پابند سلا سل کر دیا گیا ہے ،انہوں نے کہا کہ برہان الدین وانی کی شہادت تحریک آزادی کشمیر کے ایک نئے باب کا عنوان ہے جس نے مقبوضہ کشمیر میں اپنے لہو سے جو چراغ روشن کیا ،اس سے آج پوری وادی میں چراغا ںہے۔

طارق غوری نے کہا کہ بھارت کے پاس اب بھی وقت ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی قرادادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو تسلیم کرے اور عالمی برادری کی بھی اخلاقی ذمہ داری کہ وہ بھارت کو ان قرار دادوں کے احترام پر مجبور کرے۔ریلی کے اختتام پر بھارتی سفاکیت اور درندگی کیخلاف حتجاجی مطاہرہ کیا گیا اوربھارتی ترنگے کو پیروں تلے روندا گیا ۔شہدائے آزادی کشمیر کے بلند درجات کیلئے دعا کی گئی ۔