لاہور، عدالت سے سزا یافتہ مجرم سیاسی شہید نہیں بن سکتا،صاحبزادہ حامد رضا

قومی دولت لوٹنے والے مظلوم نہیں ظالم ہیں، جنرل ضیا کی پیداوار شریف برادران اپنی دولت بچانے کے لئے سول بالادستی کا ڈرامہ کر رہے ہیں،چیئر مین سنی اتحاد کونسل

اتوار 8 جولائی 2018 20:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 جولائی2018ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ عدالت سے سزا یافتہ مجرم سیاسی شہید نہیں بن سکتا۔ قومی دولت لوٹنے والے مظلوم نہیں ظالم ہیں۔ جنرل ضیا کی پیداوار شریف برادران اپنی دولت بچانے کے لئے سول بالادستی کا ڈرامہ کر رہے ہیں۔ نواز شریف فوجی گملوں میں اگنے والا پودا ہے۔

قوم 25 جولائی کو پاک فوج اور عدلیہ کے مخالفین کی سیاست ہمیشہ کے لئے دفن کر دے گی۔ محب وطن ووٹرز مودی کے یاروں اور ان کے وفاداروں سے نفرت کرتے ہیں۔ امریکہ اور بھارت نواز شریف کی پشت پناہی کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے انتخابی مہم کے دوران این اے 110 میں مختلف اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ بار بار اقتدار میں آنے والوں نے ملک تباہ کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

آل شریف کی تیس سالہ بادشاہت کا سورج ہمیشہ کے لئے غروب ہو گیا ہے۔ قوم نئے نظام کے لئے نئی قیادت منتخب کرے۔ دفاعی اداروں کے خلاف بدزبانی کرنے والے ملک کے غدار ہیں۔ الیکشن میں ن لیگ کی شکست فاش نوشتہ دیوار ہے۔ قوم نے ووٹ کا غلط استعمال کیا تو اگلے پانچ سال پچھتائے گی۔ 25 جولائی لٹیروں اور وڈیروں کا یوم احتساب ثابت ہو گا۔ ن لیگی حکومت نے پچھلے پانچ سالوں کے دوران ملک کو قرضوں کی دلدل میں ڈبو دیا ہے۔ احتساب عدالت کا فیصلہ قوم کے دل کی آواز ہے۔ طاقتور لوگوں کا احتساب شروع ہونا ملک و قوم کے لئے نوید انقلاب ہے۔