Live Updates

ہم الیکشن کا پہلا رائونڈ جیت چکے،ملک بھر میں تین سوکے قریب امیدوار کھڑے کر دیے،پروفیسر حافظ محمد سعید

لوگوں نے اپنی اپنی جماعتوں کا الیکشن لڑنا ہے ہم نے پاکستان کا الیکشن لڑنا ہے،ہم پاکستان کو علامہ اقبال اور قائداعظم کا ملک بنائیں گے اور امت کو متحد کریں گے،امیر جماعة الدعوة

اتوار 8 جولائی 2018 20:30

․لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 جولائی2018ء) امیر جماعة الدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ ہم الیکشن کا پہلا رائونڈ جیت چکے،ملک بھر میں تین سوکے قریب امیدوار کھڑے کر دیے۔اب پاکستان بچانے کا وقت ہے۔ہم الیکشن میں اس لئے آئے کہ پاکستان کی حفاظت کرنی ہے ۔لوگوں نے اپنی اپنی جماعتوں کا الیکشن لڑنا ہے ہم نے پاکستان کا الیکشن لڑنا ہے۔

ہم پاکستان کو علامہ اقبال اور قائداعظم کا ملک بنائیں گے اور امت کو متحد کریں گے۔ملک بھر میں زبردست تحریک کھڑی کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقبال ٹائون پی پی 160میں ملی مسلم لیگ کی حمایت یافتہ اللہ اکبر تحریک کے امیدوار چوہدری شفیق گجر کے مرکزی انتخابی دفتر اور سمن آباد میں امیدوار این اے 125محمد یعقوب شیخ کے دفتر ،بعد ازاں بند روڈ پر پی پی150کے امیدوار محمد عامر شیخ کے دفتر کے افتتاح کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اللہ اکبر تحریک کے این اے 125سے امیدوار محمد یعقوب شیخ، پی پی160سے امیدوار چوہدری شفیق گجر، احمد بلوچ، ابوالہاشم ربانی، ادریس فاروقی، حافظ مسعود الرحمن جانبازودیگر نے خطاب کیا۔ افتتاح سے قبل حافظ محمد سعید ایک بڑے قافلے کی صورت میں اقبال ٹائون پہنچے،موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کا ایک بڑا قافلہ ان کے ہمراہ تھا۔حافظ محمد سعید کے اقبال ٹائون پہنچنے پران کا زبردست استقبال کیا گیااورپھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔

اس موقع پر امیدوار این ای125محمد یعقوب شیخ،امیدوار پی پی160چوہدری شفیق گجر،امیدوار پی پی150محمد عامر شیخ و دیگر بھی موجود تھے۔شرکاء نے ملی مسلم لیگ کے پرچم اٹھا رہے تھے۔اقبال ٹاون سے حافظ محمد سعید کا قافلہ سکیم موڑ سے ہوتا ہوا سمن آبادموڑ پہنچا جہاں این ای125کے انتخابی دفتر کا افتتاح کیا گیا۔موڑ سمن آباد سے سینکڑوں موٹرسائیکلوں و گاڑیوں کا قافلہ ڈبل رود سے ہوتا ہوا بند روڈ پہنچا جہاں منشی ہسپتال کے قریب الیکشن آفس کا افتتاح کیا گیا۔

اس موقع پر مقامی سیاسی و سماجی رہنمائوں نے ملی مسلم لیگ کے امیدواروں کی بھر پور حمایت کا اعلان کیا۔ حافظ محمد سعید نے کہا کہ گرم موسم اور دھوپ میں جوش و جذبہ ولولہ بتا رہا ہے کہ بہت جلد اس ملک میں انقلا ب آ رہا ہے۔یہ ایک سیاہ باب ختم ہونے کو ہے،روشن باب دنیا دیکھے گی۔میں آپ کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں اس الیکشن کا پہلا رائونڈ جیت ہے۔

بیرونی قوتوں کی کوشش تھی کہ ملی مسلم لیگ الیکشن میں حصہ نہ لے سکے۔پاکستانی حکومت پر برا سخت دبائو تھالیکن اللہ کے خاص فضل و کرم سے ملی مسلم لیگ کے تین سوکے قریب امیدوار ملک بھر میں ہیں۔پہلا رائونڈ جیت چکے ہیں۔انتخابی مہم اگلا راونڈ ہے ہم نے جیتنا ہے اور پاکستان کا الیکشن لڑنا ہے۔ہم نے دنیا کو بتانا ہے کہ یہ ملک لاالہ الااللہ کی جاگیر ہے۔

ہم علامہ اقبال اور قائداعظم کا پاکستان بنائیں گے جس کا خواب انہوں نے دیکھا تھا اور امت کو متحد کریں گے۔انہوںنے کہا کہ حلقہ این اے 130 میں لیاقت بلوچ قومی اسمبلی کے امیدوار ہیں ہم اس حلقے میں ان کی مکمل حمایت کریں گے۔چوہدری شفیق گجر کرسی کے نشان پرپی پی 160میں امیدوار ہیں۔متحدہ مجلس عمل اس حلقہ میں ان کی حمایت کر چکی ہے۔ ان کی زبردست مہم چلانی ہے۔

ڈور ٹو ڈور مہم چلا کر پاکستان کی حفاظت کے لئے کردار ادا کریں۔ہم یہ الیکشن جیتیں گے اور پاکستان ،اس کے دفاع،تعمیر وترقی کو ایجنڈہ بنا کر کام کریں گے۔امیدوار این ای125محمد یعقوب شیخ نے کہا کہ حافظ محمد سعید نے ملک بھر میں نظریہ پاکستان کے احیاء،خدمت انسانیت ،کشمیر کی آزادی اور پاکستان کو درپیش چینلجز کا مقابلہ کرنے،علاقوں کے مسائل حل کرنے کے لئے امیدوار میدان میں اتارے ہیں۔

امیدواروں کی صداقت وامانت کو مد نظر رکھا گیا۔25جولائی کو کرسی پر مہر لگانی ہے اور ملی مسلم لیگ کے حمایت یافتہ امیدواروں کو ووٹ دینے ہیں۔پی پی160کے امیدوار چوہدری شفیق گجر نے کہا کہ میں حافظ محمد سعید کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔آپ پوری دنیا کے لیڈر ہیں۔آج پی پی160کی عوام نے فیصلہ دے دیا ہے کہ وہ کرسی پر مہر لگائیں گے اور آپ کے ساتھ کھڑے ہو ں گے۔

حافظ محمد سعید نے مجھ پر اعتماد کیاہم ان کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائیں گے۔تیس سال سے ذاتی مفادات کیلئے سیاست کرنے اورکشمیر کے دشمنوں کو ووٹ دیتے رہے ہیں آج وعدہ کریں کہ اللہ اکبر تحریک کے نامزدامیدواروں کو ووٹ دیں گے۔میری شہریت پاکستانی ہے۔ہمارا جینا مرنا پاکستان میں ہے۔متحدہ مجلس عمل کے این اے 130سے امیدوار لیاقت بلوچ کے صاحبزادے احمد بلوچ نے کہا کہ ہمارا مقابلہ اس حکومت کے ساتھ ہے جنہوں نے ملک کو لوٹا اور آج برطانیہ بیٹھے ہیں۔

کرسی پر مہر لگا کر ان سے کرسی چھیننی ہے۔تحریک انصاف کے شفقت محمود کو اس حلقے کے لوگوں نے ووٹ دیا وہ ختم نبوت قانون میں تبدیلی کرنے والوں میں شامل ہے۔اب بلے کو ووٹ دینے والا کفارہ ادا کریں اور اعلان کریں کہ کرسی اور کتاب کو ووٹ دیں گے۔اس موقع پر ابوالہاشم ربانی، ادریس فاروقی،حافظ مسعود الرحمان جانبازودیگر نے بھی خطاب کیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات