نواز شریف ملک کا فخر ہے ‘ پوری قوم ان کے استقبال کیلئے نکلے گی، بڑھکیں مارنے والوں کے چہرے بے نقاب ہورہے ہیں، عوام اپنا فیصلہ 25جولائی کو سنائیں گے،حمز ہ شہباز

اتوار 8 جولائی 2018 21:50

لاہور۔8 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ نواز شریف ملک کا فخر ہے اورپوری قوم ان کے استقبال کیلئے نکلے گی، ملک فیصلہ کن مرحلے سے گزر رہا ہے اور ایسے وقت میں مستقبل کا تعین ہونا ہے ، بڑھکیں مارنے والے کے چہرے بے نقاب ہورہے ہیں، عوام نے بھی اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا ہے جو 25جولائی کو سنائیں گے ۔

ان خیالات کااظہارانہوںنے پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں ملاقات کے لئے آنے والے رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ پارٹی رہنما بائو اختر، سہیل شوکت بٹ، ماجد ظہور، میاں عثمان ، نوید انجم ، وحید گل سمیت دیگر نے وفود کی صورت میں الگ الگ ملاقاتیں کیں ۔اس موقع پر سیاسی امور، انتخابی مہم اور آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی ۔

(جاری ہے)

حمزہ شہباز نے تمام رہنمائوں کو کارکنوں کے ہمراہ نواز شریف کے استقبال کے لئے ہر صورت ائیر پورٹ پہنچنے کی ہدایت کی ۔انہوںنے کہا کہ 25جولائی کو انشااللہ ملک و قوم کی سربلندی اور شیروں کی سرفرازی کا اعلان ہوگا۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی کارکردگی کی وجہ سے مخالفین کے پسینے چھوٹ رہے ہیں اور انہیں کچھ سمجھ نہیں آرہی ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے اس ملک کی خدمت کی ہے اور اسے بحرانوں سے نجات دلا کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے ۔

نواز شریف قوم کا فخر ہے ان کے استقبال کیلئے پوری قوم نکلے گی۔ اس موقع پر حمزہ شہباز نے خواتین کارکنان کے تحفظات دور کرتے ہوئے سفارشات اعلی قیادت تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی ۔اس موقع پر بیگم کلثوم نواز کی جلد صحتیابی ،قیادت کی صحت و سلامتی اور انتخابات2018 میں کامیابی کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔