ووٹرز نے انتخابی امیدواروں کو ووٹ لینے کے لیے پاؤں پکڑنے پر مجبور کر دیا

این اے 134 کے امیدوار رانا مبشر اقبال نے ووٹرز کو منانے کے لیے ان کے پاؤں پکڑ لیے، ویڈیو وائرل

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 9 جولائی 2018 15:54

ووٹرز نے انتخابی امیدواروں کو ووٹ لینے کے لیے پاؤں پکڑنے پر مجبور کر ..
لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 جولائی 2018ء) :الیکشن سے پہلے سیاستدان کچھ اور، الیکشن کے بعد کچھ اور، لیگی امیدوار رانا مبشر اقبال نے ووٹرز کو منانے کے لئے ان کے پاؤں پکڑ لیے۔تفصیلات کے مطابق جیسے جیسے الیکشن کا وقت قریب آ رہا ہے تو سیاسی رہنماؤں نے بھی انتخابات میں جیت کے لیے اپنی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ پانچ سال حلقے کا منہ نہ دیکھنے والے سیاسی رہنماؤں نے بھی اب اپنے حلقوں میں جانا شروع کر دیا ہے اور عوام سے رابطہ شروع کر دیا ہے تاہم لوگوں میں بھی اب سیاسی شعور پیداہو گیا ہے۔

اور وہ اپنے سیاسی رہنماؤں سے یہ سوال کرنے لگ گئے ہیں کہ پانچ سال ہمارا خیال نہیں آیا اب ووٹ مانگنے کیوں آئے ہیں۔لیکن شاید انتخابی امیدواروں کو بھی سمجھ آ چکی ہے۔یہی وجہ ہے کہ این اے 134 سے رانا مبشر اقبال نے ووٹرز کو منانے کے لیے ان کے پاؤں پکڑ لیے۔

(جاری ہے)

رانا مبشر لقمان کی ووٹرز کے پاؤں پکڑ نے کی ویڈیو بھی وائرل ہو گئی ہے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ این اے 134کے امیدوار رانا مبشر لقمان ووٹ کی خاطر ووٹرز کے پاؤں پکڑنے پر مجبور ہو گئے۔

لیکن شہریوں کو کہنا ہے کہ سیاست دان ووٹ لینے کے لیے منت سماجت کے علاوہ جھوٹے وعدے بھی کرتے ہیں۔اور جب اقتدار مل جاتا ہے تو سب بھول جاتے ہیں۔یاد رہے انتخابی امیدواروں کے پاس ووٹرز کو منانے کے لیے بس کچھ ہی روز باقی رہ گئےہیں۔ملک بھر میں عام انتخابات کا اعلان 25 جولائی کو کیا گیا ہے۔25 جولائی 2018 ء کو ہونے والے عام انتخابات پاک فوج کی زیر نگرانی ہوں گے۔

جب کہ عام انتخابات کے دوران سیکیورٹی خدشات بھی موجود ہیں جس کے پیش نظر سیکیورٹی فورسز 22جولائی اتوار کے روز ہی اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں گی۔ پنجاب میں چھ ہزار پولنگ اسٹیشن حساس قرار دئیے جا چکے ہیں۔ پنجاب سمیت ملک بھر میں کے حساس پولنگ اسٹیشنوں پر کلوز سرکٹ کیمرے بھی لگوائے جائیں گے۔عام انتخابات میں سیکیورٹی کے حوالے خاص انتظامات کیے گئے ہیں۔ 25 جولائی 2018 کو ہونے والے عام انتخابات ملکی تاریخ کے سب سے مہنگے اور سب سے بڑے انتخابات ہوں گے۔2018کےانتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 2018کے انتخابی اخراجات کا تخمینہ21ارب ہے۔