ورلڈ جونیئر مینز اور ٹیم سکوائش چیمپئن شپ کی تیاری، قومی کھلاڑی ایک ہفتہ جہانگیر خان کی زیر نگرانی تربیت حاصل کریں گے

پیر 9 جولائی 2018 16:43

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2018ء) پاکستان سکوائش فیڈریشن نے ورلڈ جونیئر مینز انفرادی اور ٹیم سکوائش چیمپئن شپ کی تیاری کے لئے قومی کھلاڑیوں کو ایک ہفتے کی تربیت کے لئے اسلام آباد سے کراچی بھجوا دیا ہے۔ پیر کو پاکستان سکوائش فیڈریشن کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق 9 رکنی قومی ٹیم ورلڈ جونیئر سکوائش انفرادی اور ٹیم چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے 14 جولائی کو بھارت روانہ ہوگی۔

(جاری ہے)

ورلڈ جونیئر سکوائش انفرادی اور ٹیم چیمپئن شپ 18 سے 29 جولائی تک بھارت کے شہر چنائی میں کھیلی جائے گی جس کیلئے فیڈریش نے 6 کھلاڑیوں اور تین آفیشلز کو منتحب کیا ہے، کھلاڑیوں میں عباس زیب، عزیر رشید، حارث قاسم، عزیر شوکت، اسد اللہ اور فرخان ہاشمی شامل ہیں جبکہ آفیشلز میں یاسین خان اور فضل شاہ کوچز جبکہ منور زمان بطور منیجر ٹیم کے ہمراہ ہوں۔ منتخب شدہ کھلاڑیوں کو پیر کو ایک ہفتہ کی تربیت کے لئے اسلام آباد سے پاک نیوی روشن خان جہانگیر خان سکوائش کمپلیس میں تریبت کے لئے بھجوا دیا گیا ہے اور وہ روانگی تک جہانگیر خان کی زیر نگرانی تربیت حاصل کریں گے۔ قومی ٹیم ایونٹ میںشرکت کے لئے کراچی سے 14 جولائی کو بھارت کے لئے روانہ ہو گی۔