Live Updates

الیکشن بائیکاٹ نہ کرنے کا ن لیگ کا فیصلہ دانشمندانہ ہے، میاں افتخار حسین

پیر 9 جولائی 2018 23:24

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 جولائی2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ الیکشن بائیکاٹ نہ کرنے کا ن لیگ کا فیصلہ دانشمندانہ ہے ،انتخابات میں چوروں اور لٹیروں کا صفایا ہو جائے گا ، خیبر پختونخوا میں اے این پی بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گی اور حکومت میں آ کر عوام کی فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

ان خیالات کا اظاہر انہوں نے انتخابی مہم کے دوران پی کے کے مختلف مقامات ڈاگ بیسود ،کوٹلی خورد اور مختلف علاقوں میں جرگوں اور شمولیتی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر مختلف سیاسی جماعتوں سے اہم سیاسی شخصیات نے اے این پی میں شمولیت کا اعلان کیا جبکہ کئی سرکردہ شخصیات کی جانب سے حمایت کا علان بھی کیا گیا ، میاں افتخار حسین نے پارٹی میں شامل وہنے والوں اور حمایت کی یقین دہانی کرانے والوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انتخابات میں اصل مقابلہ نظریے اور اقتدار کے پجاریوں کے درمیان ہے ، اے این پی نے ہمیشہ انسانیت کی خدمت کو ترجیح دی یہی وجہ ہے کہ آج سینکڑوں کی تعداد میں عوام اے این پی کا حصہ بنتے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ظلم کی تاریک رات ڈھل چکی ہے اور آنے والا روشن کل عوام کیلئے خوشخبری لے کر آئے گا ، نواز شریف کے خلاف فیصلے میں عجلت سے کام لیا گیا جس کے پیچھے محرکات کا علم نہیں ، انہوں نے کہا کہ کیس نواز شریف کا ہے اور عدالت کو جواب عمران خان دے رہے ہیں ۔ میاں افتخار حسین نے کہا کہ ملک میں الیکشن مؤخر کرنے کی بارہا کوششیں کی گئیں تاہم ن لیگ کے دانشمندانہ فیصلے نے الیکشن مؤخر کرنے کی یہ کوشش بھی ناکام بنا دی ، صورتحال بلا شبہ سنگین ہے اور ذرا سی گڑ بڑ سے حالات کنٹرول سے باہر ہو جائیں گے، انہوں نے کہا کہ صوبے میں پی ٹی آئی نے کرپشن اور کمیشن کی سیاست کو فروغ دیا جس کے نتیجے میں سرکاری خزانہ لوٹ لیا گیا اور صوبہ اربوں روپے کا مقروض بھی ہو گیا جسے ادا کرنے کیلئے آنے والی حکومت کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا، بی آر ٹی ، بلین سونامی ٹری اور بیوٹیفیکیشن کے نام پر اربوں روپے خرد برد کر دیئے گئے جس کی نیب نے انکوائری شروع کر دی ہے ،انہوں نے کہا کہ عوام 25جولائی کو اپنا قیمتی ووٹ اے این پی کے حق میں استعمال کر کے اپنا اور اپنی آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ بنائیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات