مجلس عمل کراچی کی عزت و وقار کوبحال کرے گی،حافظ نعیم الرحمن

25 جولائی کا دن نئی تاریخ رقم کرے گا،کراچی تبدیل ہو جائے گا ،ضلع بن قاسم میں اجلاس سے خطاب

پیر 9 جولائی 2018 23:38

مجلس عمل کراچی کی عزت و وقار کوبحال کرے گی،حافظ نعیم الرحمن
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2018ء) کراچی کی عوام نے مجلس عمل کا بھرپور اور والہانہ خیر مقدم کیا ہے ۔لسانی نعرے چلے ہوئے کارتوس ہیں ۔مستقبل مجلس عمل کا ہی ہے ۔کارکنان گھرگھر جا کر مجلس عمل کا پیغام پہنچائے ۔25 جولائی کو کراچی تبدیل ہو جائے گا۔کراچی کے عوام دین سے محبت کرنے والے ہیں ۔مجلس عمل کراچی کی عزت و وقار کو بحال کرے گی۔

یہ بات متحدہ مجلس عمل کراچی کے صدر اور امیر جماعت اسلامی کراچی انجینئر حافظ نعیم الرحمان نے جماعت اسلامی حلقہ کراچی کے زمہ داران کے ہمراہ ضلع بن قاسم میں الیکشن مہم کا جائزہ اور سیاسی صورتحال پر غورخوص کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں گفتگو کر تے ہوئے کہی۔اس موقع پرنائب امراء کراچی برجیس احمد،ڈاکٹر عبدالواسع شاکر،سیکریٹری کراچی عبدالوہاب ، الیکشن سیل کے نگراں راجہ سلطان عارف، ڈپٹی سیکریٹری راشد قریشی،قاضی صدرالدین اور ضلع بن قاسم سے امیر عبدالجمیل خان،نائب ضلعی امراء سیداقبال سعید،عاشق علی خان ،پیر طالب حسین،سیکریٹری مرزا فرحان بیگ،کامران نواز،چودھری سرفراز احمد ،منصور فیروز،مسعوداختر،مفتی ضیاء الرحمان فاروقی ،عارف رحمان ،جمیل قریشی ،اسلم شیخ،سیدآصف علی، ماجد شیخ ،قاسم جمال ودیگر زمہ داران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ تیس برس کے بعد کراچی کی عوام کو پہلی مرتبہ موقع ملا ہے کہ وہ آزادانہ طور پر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں ۔جماعت اسلامی نے مسلسل عوام کی آواز اٹھائی ہے ۔ہم ہی تھے جنہوں نے جبر و تشدد اور خوف و دہشت کے ماحول میں کلمہ حق بلند کیا ۔کے الیکٹرک،نادرا اور واٹر بورڑ کے مظالم کے سامنے ہم ہی نے آواز اٹھائی ۔

انھوں نے کہا کہ کراچی تبدیل ہو رہا ہے اور جب کراچی تبدیل ہو گا تو پورا پاکستان تبدیل ہو گا۔کراچی کی عوام نے ہمارا جس طرح والہانہ خیرمقدم اور استقبال کیا ہے اس سے ہمارے حوصلے بلند ہوئے ہیں ۔لانڈھی کورنگی میں بھی مجلس عمل کی بہت اچھی پوزیشن ہے ۔انتخاب شفاف ہو گئے تو ہماری کامیابی کو کوئی نہیں روک سکے گا۔امیر ضلع عبدالجمیل خان نے کہا کہ کورنگی لانڈھی کی تمام سیٹوں پر مجلس عمل کلین سوئپ کرے گی۔عوام غنڈہ گردی کی سیاست سے تنگ آئے ہوئے ہیں ۔مجلس عمل ہی دہشت گردی کی سیاست کا ڈٹ کر مقابلہ کر سکتی ہے۔اس موقع پر ناظم انتخاب سید اقبال سعید نے ضلع بن قاسم کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ بھی دی۔