ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر مختلف سیاسی جماعتوں کے پانچ امیدواروں کو جرمانہ

منگل 10 جولائی 2018 03:10

فیصل آباد ۔9جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2018ء) ڈپٹی کمشنر / ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر برائے جنرل الیکشن 2018 ء سید احمد فواد نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر مختلف سیاسی جماعتوں کے پانچ امیدواروں کو 25/25 ہزار روپے جرمانے عائد کئے ہیں جن میں حلقہ این اے 110 سے امیدوار رانا محمد افضل خاں ‘ حلقہ این اے 107 سے امیدوار خرم شہزاد ‘ حلقہ این اے 109 سے امیدوار فیض الله کموکا ‘ پی پی 104 سے امیدوار صفدر شاکر ‘ حلقہ پی پی 100 سے امیدوار رانا عبدالوحید شامل ہیں ۔

ڈپٹی کمشنر نے ضابطہ اخلاق کی بعض خلاف ورزیوں پر مختلف انتخابی امیدواروں اور بلدیاتی نمائندوں کو شوکاز نوٹسز جاری کرکے انہیں دفتر طلب کیا اور انہیں خلاف ورزیوں کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بار بار شکایت ملنے پر پانچ امیدواروں کو جرمانے کی سزا دی جبکہ جن امیدواروں کو آئندہ محتاط رہنے کی یقین دہانی پر وارننگ جاری کی ان میں حلقہ این اے 101 سے امیدوار طارق باجوہ ‘ حلقہ پی پی 116 سے امیدوار محبوب عالم سندھو ‘ حلقہ این اے 109 سے امیدوار میاں عبدالمنان اور حلقہ پی پی 115 سے امیدوار رانا علی عباس شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے پانچ مختلف یونین کونسل کے چیئرمین اور کونسلز کی طرف سے انتخابی مہم میں حصہ لینے پر ان کے خلاف محکمہ لوکل گورنمنٹ کو تحریر کرنے کافیصلہ کیا ہے تفصیلات کے مطابق انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر اب تک مختلف امیدواروں و بلدیاتی نمائندوں اور سرکاری ملازمین کو 72 شوکاز نوٹسز جاری کئے گئے ہیں جن میں 46 کا فیصلہ کر دیا گیا ہے ۔

ڈپٹی کمشنر نے انتخابی امیدواروں سے کہا کہ وہ اپنی تشہیر کے لئے الیکشن کمیشن کی طرف سے مقرر کردہ سائز کے ہی بینرز / پوسٹرز آویزاں کریں اور اسلحہ لے کر چلنے ‘ نمائش کرنے اور آتش بازی سے گریز کیا جائے ۔ انہوں نے بلدیاتی نمائندوں سے کہا کہ وہ محکمہ لوکل گورنمنٹ کی ہدایت کے مطابق انتخابی مہم میں حصہ لینے سے باز رہیں جبکہ سرکاری ملازمین بھی انتخابی مہم کا حصہ نہ بنیں ۔ انہوں نے امیدواروں سے کہا کہ وہ کسی قسم کی شرارت سے بچنے کے لئے از خود اپنے حلقے پر نظر رکھیں اور بڑے سائز کے بینرز / پوسٹرز فوری طور پر ہٹالئے جائیں ۔