دینی قوتوں کا ایک پلیٹ فارم سے الیکشن لڑنا اس بات کی علامت ہے کہ ملک میں حقیقی اور پائیدار تبدیلی آنے والی ہے،میاں محمد اسلم

منگل 10 جولائی 2018 03:10

اسلام آباد ۔ 9 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2018ء) متحدہ مجلس عمل کے اُمیدوار برائے قومی اسمبلی حلقہ این اے 53,54میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ دینی قوتوں کا ایک پلیٹ فارم سے الیکشن لڑنا اس بات کی علامت ہے کہ ملک میں حقیقی اور پائیدار تبدیلی آنے والی ہے ، انہوں نے کہا اسلام آباد اسلام سے محبت کر نے والوں کا شہر ہے اور متحدہ مجلس عمل اسلام آباد میںدوہزار دوکی طر ح بڑی کامیابی حا صل کر ے گی ۔

متحدہ مجلس عمل پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں اور قومی آزادی و خود مختاری کا تحفظ اور ہر قسم کی مداخلت کا سدباب کرے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئی ٹین ، ترنول ،جی13 میں انتخابی دفاتر اور کار نر میٹنگ سے خطاب کر تے ہو ئے کیا ۔اس موقع پر متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل محمد کاشف چوہدری ، جے آئی یو تھ کے صدر حسن جا وید شورش اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

میاں محمد اسلم نے کہا متحدہ مجلس عمل کی حکو مت میں بغیر کسی تعصب کے تعلیم ، صحت ، مناسب رہائش ، روزگار ، صاف پانی ، بجلی و گیس ہر شہری کو ملے گی ۔ انہوںنے کہاکہ سابقہ حکومتوں نے عوام پر مہنگائی کے کوڑے برسائے ہیں اور ان کو ضروریات زندگی سمیت زندگی کی بنیادی سہولتوں سے محروم رکھ کر مفلو ک الحال بنایا ۔ غیر ملکی قرضے حاصل کر کے اپنی ذاتی تجوریاں بھریں جبکہ ملک کو قرضوں سے مقروض ترین ملک بنادیا ۔

میاں محمد اسلم نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل ملک کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی غلامی سے نجات دلائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ آئین و قانون کی روسے یقینی بنائے گی اور انہیں تعلیم ، روزگار اور شہری سہولتوں کی مساویانہ فراہمی اور جانبدارانہ ،غیر منصفانہ اور غیر مناسب سلوک کا خاتمہ اور سدباب کرے گی ۔ قوم آئندہ انتخابات میں متحدہ مجلس عمل کا ساتھ دے ۔