Live Updates

مسلم لیگ ن کے کارکنان قائد کے استقبال کی تیاریاں کرنے لگے، انتخابی مہم ٹھنڈی پڑ گئی

لیگی اُمیدوار تذبذب کا شکار ہو گئے، مخالفین کے ووٹرز سے مسلسل رابطے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 10 جولائی 2018 11:55

مسلم لیگ ن کے کارکنان قائد کے استقبال کی تیاریاں کرنے لگے، انتخابی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10 جولائی 2018ء) : مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز نے 13 جولائی کو وطن واپس آنے کا اعلان کیا ہے۔ پارٹی قائد اور مریم نواز کی وطن واپسی کے پیش نظر مسلم لیگ ن کے کارکنان نے ان کے استقبال کا فیصلہ کیا اور ائیر پورٹ پر کیے جانے والے اس استقبال کے لیے بھرپور تیاریاں بھی شروع کر دی ہیں۔

دوسری جانب عام انتخابات 2018ء میں صرف 14 روز باقی ہیں اور انتخابی اُمیدواروں کی انتخابی مہم بھی عروج پرہیں۔ مسلم لیگ ن کے قائد کی آمد اور ان کے استقبال کی تیاریوں کے پیش نظر مسلم لیگ ن کی انتخابی مہم ماند پڑ گئی ہے۔ پارٹی کے تمام کارکنان اپنے قائد کے استقبال کی تیاریوں میں مصروف ہیں جبکہ انتخابی مہم کی طرف اب کوئی دھیان نہیں دے رہا۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ن کے انتخابی اُمیدوار اس معاملے پر تذبذب کا شکار ہو گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق این اے 126 میں پی ٹی آئی کی سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہیں،این اے 126 سے ن لیگ کے اُمیدوار مہر اشتیاق احمد اور ان کے ساتھ پی پی کے حلقہ سے باقر حسین انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ ان کا مقابلہ پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر اور میاں اسلم اقبال سے ہے۔ علاقائی سطح پر اس حلقے میں چلائی جانے والی مہم میں صرف پی ٹی آئی رہنما ہی ووٹرز سے مسلسل رابطے میں ہیں،اس کے برعکس ن لیگی اُمیدوار اپنے قائد کی آمد کے پیش نظر سست روی اور تذبذب کا شکار ہیں۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے اُمیدواروں اور کارکنوں نے انتخابی مہم سے توجہ ہٹا کر قائد کے استقبال کی تیاریوں پر مرکوز کر لی ہے جس سے مسلم لیگ ن کو انتخابات میں سخت نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور مریم نواز نے 13 جولائی کو وطن واپس آنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ ان کی وطن واپسی کے پیش نظر مسلم لیگ ن کے کارکنان نے ائیر پورٹ پر ہی اپنے قائد اور مریم نواز کے شاندار استقبال کا فیصلہ کیا جس کے لیے زوروشور سے تیاریاں کی جا رہی ہیں۔

کچھ میڈیا ذارئع نے بتایا کہ لیگی کارکنان نے نواز شریف اور مریم نواز کی گرفتاری پر تصادم کا منصوبہ بھی بنا رکھا ہے۔ البتہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے نیب نے سکیورٹی کو موثر بنانے کی حکمت عملی بھی ترتیب دے دی ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات