بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شوپیاں میں مزید دو نوجوان شہید ،20 سے زائد زخمی

فوجیوںنے ان نوجوانوں کو علاقے میں تلاشی اور محاصرے کی ایک پر تشدد کارروائی کے دوران شہید کیا بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروںنے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے گولیوں ، پیلٹ گنز اور آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا

منگل 10 جولائی 2018 12:40

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2018ء) مقبوضہ کشمیرمیںبھارتی فوجیوںنے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران منگل کے روز ضلع شوپیاں کے علاقے کنڈلن میں دو کشمیری نوجوانوں کو شہید اور 20سے زائد کو زخمی کر دیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فوجیوںنے ان نوجوانوں کو علاقے میں تلاشی اور محاصرے کی ایک پر تشدد کارروائی کے دوران شہید کیا۔

بھارتی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ نوجوان عسکریت پسند تھے جنہیں فوج کے ساتھ ایک جھڑپ میں قتل کیاگیا۔

(جاری ہے)

ادھر کنڈلن میں بھارتی فورسز کی طرف سے مظاہرین پر طاقت کے وحشیانہ استعمال سے بیس سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔ فوجیوںنے جیسے ہی علاقے میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی شروع کی لوگوں نے سڑکوں پر نکل کر زبردست احتجاجی مظاہرے شروع کردیئے ۔ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروںنے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے گولیوں ، پیلٹ گنز اور آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا جس کے بعد مظاہرین اور فورسز اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں شروع ہو گئیں۔ فورسز کی کارروائی میں بیس سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔ آخری اطلاعات ملنے تک علاقے میںجھڑپیں اور فوجیوں کی کارروائی جاری تھی ۔