الیکشن کمیشن کے انتہائی سخت انتخابی ضابطہ اخلاق سے امیدوار ان پریشان

خلاف ورزی پر متعدد امیدواروں اوربلدیاتی نمائندوں کو شوکاز نوٹس جاری

منگل 10 جولائی 2018 14:10

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جولائی2018ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جاری کردہ انتہائی سخت انتخابی ضابطہ اخلاق سے امیدوار ان پریشان انتخابی مہم چلنا مشکل ہو گیا ، انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر متعدد امیدواروں اوربلدیاتی نمائندوں کو شوکاز نوٹس جاری ،نہ کوئی بڑے سائز کے بینرز،پوسٹرز الیکشن کا سماں نظر نہیں آتا ،ووٹر بھی پریشان یہ کیسا الیکشن ہے ڈپٹی کمشنر / ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر برائے جنرل الیکشن 2018 ء سید احمد فواد نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر مختلف سابق وزیر مملکت برائے خزانہ امیدوار این اے 110رانا محمد افضل خان سمیت سیاسی جماعتوں کے پانچ امیدواروں کو 25/25 ہزار روپے جرمانے عائد کئے ہیں جن میں ‘ حلقہ این اے 107 سے پی ٹی آئی کے امیدوار خرم شہزاد ‘ حلقہ این اے 109 سے امیدوار فیض الله کموکا ‘ پی پی 104 سے امیدوار صفدر شاکر ‘ حلقہ پی پی 100 سے امیدوار رانا عبدالوحید شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے ضابطہ اخلاق کی بعض خلاف ورزیوں پر مختلف انتخابی امیدواروں اور بلدیاتی نمائندوں کو شوکاز نوٹسز جاری کرکے انہیں دفتر طلب کیا اور انہیں خلاف ورزیوں کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بار بار شکایت ملنے پر پانچ امیدواروں کو جرمانے کی سزا دی جبکہ جن امیدواروں کو آئندہ محتاط رہنے کی یقین دہانی پر وارننگ جاری کی ان میں حلقہ این اے 101 سے امیدوار طارق باجوہ ‘ حلقہ پی پی 116 سے امیدوار محبوب عالم سندھو ‘ حلقہ این اے 109 سے امیدوار میاں عبدالمنان اور حلقہ پی پی 115 سے امیدوار رانا علی عباس شامل ہیں ۔

ڈپٹی کمشنر نے پانچ مختلف یونین کونسل کے چیئرمین اور کونسلز کی طرف سے انتخابی مہم میں حصہ لینے پر ان کے خلاف محکمہ لوکل گورنمنٹ کو تحریر کرنے کافیصلہ کیا ہے تفصیلات کے مطابق انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر اب تک مختلف امیدواروں و بلدیاتی نمائندوں اور سرکاری ملازمین کو 72 شوکاز نوٹسز جاری کئے گئے ہیں جن میں 46 کا فیصلہ کر دیا گیا ہے ۔

ڈپٹی کمشنر نے انتخابی امیدواروں سے کہا کہ وہ اپنی تشہیر کے لئے الیکشن کمیشن کی طرف سے مقرر کردہ سائز کے ہی بینرز / پوسٹرز آویزاں کریں اور اسلحہ لے کر چلنے ‘ نمائش کرنے اور آتش بازی سے گریز کیا جائے ۔ انہوں نے بلدیاتی نمائندوں سے کہا کہ وہ محکمہ لوکل گورنمنٹ کی ہدایت کے مطابق انتخابی مہم میں حصہ لینے سے باز رہیں جبکہ سرکاری ملازمین بھی انتخابی مہم کا حصہ نہ بنیں ۔ انہوں نے امیدواروں سے کہا کہ وہ کسی قسم کی شرارت سے بچنے کے لئے از خود اپنے حلقے پر نظر رکھیں اور بڑے سائز کے بینرز / پوسٹرز فوری طور پر ہٹالئے جائیں ۔