مجاہد اول سردار عبدالقیوم خان کی تیسری برسی بھرپور عقیدت و احترام سے آزادکشمیر بھر میں سرکاری سطح پر منائی گئی

دارالحکومت مظفرآباد میں جموں وکشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام سنٹرل پریس کلب مظفرآباد میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا

منگل 10 جولائی 2018 14:20

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2018ء) آزادکشمیر کے سابق صدر و وزیراعظم مجاہد اول سردار عبدالقیوم خان کی تیسری برسی بھرپور عقیدت و احترام سے آزادکشمیر بھر میں سرکاری سطح پر منائی گئی۔ اس حوالہ سے دارالحکومت مظفرآباد میں جموں وکشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام سنٹرل پریس کلب مظفرآباد میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب سے آزادکشمیر کے سابق سپیکر و وزیر حکومت عبدالرشید ترابی، سابق وزیر و صدر مسلم کانفرنس ضلع مظفرآباد سید مرتضی علی گیلانی، سابق وزیر دیوان علی خان چغتائی، نائب امیر جماعت اسلامی شیخ عقیل الرحمن، پیپلزپارٹی کے راہنما شوکت جاوید میر، علامہ مفتی کفایت حسین نقوی، سابق سیکرٹری حکومت محمد الیاس عباسی، سیکرٹری جموں وکشمیر لبریشن سیل محمد ادریس عباسی، حریت کانفرنس کے راہنما مشتاق الاسلام، عزیر احمد عزالی، ڈائریکٹر لبریشن سیل راجہ سجاد لطیف خان، شفقت گردیزی ایڈووکیٹ اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے کارکنوں اور اہلیان شہر کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق سپیکر آزادجموں وکشمیر و وزیر حکومت عبدالرشید ترابی نے کہا کہ مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان ایک بہترین سیاستدان، قائد، مدبر، دانشور، محقق، استاد اور ایک بہترین مصنف تھے۔ مجاد اول نے ساری زندگی تحریک آزادی کشمیر اور تحریک تکمیل پاکستان کی جدوجہد میں گزاری، انہوں نے ریاست کے عوام کو ایک باوقار تشخص دیا اور ریاست کی عوام کی خوشحالی اور ترقی کو ترجیحات میں رکھا۔

انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ دیا جب پاکستان دولخت ہو چکا تھا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر سید مرتضی علی گیلانی نے کہا کہ مجاہد اول سردار عبدالقیوم خان ایک نظرئے، سوچ اور فکر کا نام ہے۔ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور تحریک آزادی کے لئے عملی جدوجہد تاریخ کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک قومی لیڈر تھے ریاستی تشخص کی بحالی کے لئے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ مجاہد اول کے نظرئیے، سوچ ، فکر اور ویژن کے مشن کی تکیل کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ سید مرتضی علی گیلانی نے کہا کہ سرکاری سطح پر تقریب کے انعقاد پر حکومت آزادکشمیر کا شکر گزار ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں سردار عبدالقیوم تحریک آزادی کشمیر اور تحریک تکمیل پاکستان کے لئے جدوجہد کر رہے تھے وہاں ریاست کے عوام کی فلاح و بہبود، ترقی اور خوشحالی اور اتفاق و اتحاد کے لئے بھی اپنی زندگی وقف کررکھی تھی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر حکومت دیوان علی خان چغتائی نے کہا کہ مجاہد اول سردار عبدالقیوم خان ریاست جموں وکشمیر کے عوام کے لئے ایک سائبان تھے۔ انہوں نے کہا کہ مجاہد اول کے پاس بیٹھ کر سیکھنے کا موقع ملتا تھا اور ایک سبق ملتا تھا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین نے کہا کہ مجاہد اول سردار عبدالقیوم خان ایک عظیم دانشور، ہمہ گیر محقق، ہمہ جہت، مبلغ، دین اسلام پر عبور رکھنے والے اور عہدساز شخصیت تھے۔

مقررین نے کہا کہ مجاہد اول دانشور بھی تھے سیاستدان بھی تھے، ادیب بھی تھے اور مفکر بھی تھے، استاد بھی تھے اور طالب علم بھی تھے۔بحیثیت انسان وہ ایک عظیم اوصاف کے مالک انسان تھے۔ مقررین نے کہا کہ مجاہد اول نے کشمیر بنے کا پاکستان کا نعرہ دے کر بکھری ہوئی قوم کو متحدہ رکھنے کے لئے جدوجہد کی۔ آخر میں مجاہد اول سردار عبدالقیوم خان اور مقبوضہ کشمیر کے شہداء کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔