آزادی پسندتنظیموں کی کولگام میںشہریوں کے قتل،آسیہ اندرابی کی دہلی منتقلی کی شدید مذمت

عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال،بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لینے کی اپیل

منگل 10 جولائی 2018 15:30

سری نگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2018ء) مقبوضہ کشمیر میںجموںوکشمیر پیپلز لیگ ، مسلم لیگ، وائس آف وکٹمز اور دیگر آزادی پسند تنظیموں نے ضلع کولگا م میں معصوم شہریوں کو قتل اور گرفتارکرنے اور دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی اور انکی ساتھیوں کو نئی دہلی منتقل کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق جموںوکشمیر پیپلز لیگ کے چیئرمین مختار احمد وازہ نے سرینگر میں پارٹی کارکنوںسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فورسز کو نہتے کشمیریوں کو شہید کرنے کی کھلی چھوٹ دی گئی ہے۔

انہوں نے آسیہ اندرابی اور ان کی دوساتھیوں ناہیدہ نسرین اورفہمیدہ صوفی کو نئی دہلی منتقل کرنے کی شدید مذمت کی ۔ جموں وکشمیر مسلم لیگ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کولگام میں نہتے شہریوں کو قتل کرنے کی مذمت کی اور آسیہ اندرابی، فہمیدہ صوفی اور ناہیدہ نسرین کی گرفتای اور دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل منتقلی کوبد ترین ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی قراردیا۔

(جاری ہے)

بیان میں کہاگیا ہے کہ بھارت خواتین رہنمائوں کو تہاڑجیل منتقل کرکے حریت پسند کشمیری عوام اور ان کی قیادت کو اپنے مقصد سے دستبردار کرانا چاہتا ہے۔ انسانی حقوق کے ایک مقامی گروپ وائس آف وکٹمز نے ایک بیان میں کولگام میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہریوں کے قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے علاقے میں’’ گولی چلائو اور قتل کرو ‘‘کی پالیسی اختیار کررکھی ہے۔

وائس آف وکٹمر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عبدالقدیر نے اس قتل عام کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے بھارت کے تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی طرف سے آسیہ اندرابی اور ان کی ساتھیوں کو تہاڑ جیل منتقل کرنے کی بھی مذمت کی۔ انہوںنے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال اور بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لے۔ دریں اثناء کولگام میں معصوم شہریوں کی شہادت اور جنوبی کشمیر میں بھارتی پولیس کے مظالم کے خلاف ڈی آئی جی جنوبی کشمیرکے دفتر کے باہر عوامی اتحاد پارٹی کے صدر انجینئر عبدالرشید کی قیادت میں احتجاجی مارچ کوروکنے کے لیے پولیس نے انجینئر رشید کو اسلام آباد جاتے ہوئے گرفتار کرلیا۔