شارجہ: پانچ ڈاکوؤں نے منٹوں میں بینک کا صفایا کر ڈالا

کلوز سرکٹ کیمروں اور عینی شاہدین کی مدد سے ملزموں کی گرفتاری عمل میں آئی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 10 جولائی 2018 15:52

شارجہ: پانچ ڈاکوؤں نے منٹوں میں بینک کا صفایا کر ڈالا
شارجہ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 جُولائی 2018) پانچ افراد پر مشتمل ڈکیت گینگ نے حبیب بینک میں موجود سٹاف کو جان سے مارنے کی دھمکی دے کر بڑی رقم لُوٹ لی۔ شارجہ پولیس کو ڈکیتی کی اس واردات کے بارے میں اطلاع دی گئی تو فوراً چند پولیس اہلکاروں کو موقع واردات پر بھجوا دِیا گیا۔ تاہم ملزمان چند منٹوں کے اندر ہی رقم لُوٹ کر بینک کے باہر کھڑی گاڑی میں بیٹھ کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

پولیس نے ا س واردات کا ارتکاب کرنے والوں تک پہنچنے کے لیے بڑے پیمانے پر تفتیش شروع کی تھی جس کے لیے بینک سٹاف اور موقع پر موجود عینی شاہدین کے گواہ ریکارڈ کیے گئے۔ اس کے علاوہ ڈاکوؤں کی شناخت کے لیے وہاں نصب کلوز سرکٹ ٹی وی کیمروں کی مدد بھی لی گئی۔ جس کے بعد ملزمان کی شناخت کر کے اُن کی قومیت کا پتا چلایا گیا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق اس واردات کو انجام دینے والے تین افراد عربی النسل تھے جبکہ دو افراد کا تعلق ایک افریقی مُلک سے تھا۔

پولیس کے مطابق عربی نسل کے ملزمان میں سے ایک نے تفتیش کے دوران بتایا تھا کہ وہ عورت کا رُوپ دھار کر شیلہ اور عبایہ میں ملبوس بینک میں داخل ہوا تھا۔ پھر انہوں نے بینک میں موجود ایک کیشیئر سے بندوق کی نوک پر رقم لُوٹی اور باہر کھڑی گاڑی میں بیٹھ کر فوراً موقع واردات سے فراہم ہو گئے تھے۔ تاہم ملزمان نے عدالت میں استغاثہ کی جانب سے خود پر عائد کئے گئے الزامات کو درست تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔

اس مقدمے میں مطلوب دو افریقی ملزمان تاحال مفرور ہیں جن کی گرفتاری کے لیے پولیس مختلف جگہوں پر چھاپے مار رہی ہے۔ واضح رہے کہ ملزمان نے اس واردات کا ارتکاب گزشتہ سال 3 ستمبر 2017ء کوشارجہ کے علاقے الحجاز دوئم میں واقع ایک بینک میں کیا تھا۔ عدالت نے کیس کی سماعت 22 جولائی 2018ء تک ملتوی کر دی ہے۔