مقبوضہ کشمیر، حریت رہنمائوں کا شہداء کولگام کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی

منگل 10 جولائی 2018 18:29

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2018ء) مقبوضہ کشمیرمسلم کانفرنس کے چیئرمین شبیر احمد ڈار،پیپلز لیگ کے چیئرمین مختار احمد وازہ ،انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس کے چیئرمین محمداحسن انتو اور معراج الدین صالح ضلع کولگام میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونے والے شہداء کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کے لیے ان کے گھر گئے۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق شبیر احمد ڑار نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فورسز کشمیر پر اپنے قبضے کو دوام بخشنے کے لیے جان بوجھ کر معصوم شہریوں کا قتل عام کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فورسز عام لوگوں پر راست فائرنگ کر کے خوف ودہشت پیدا کررہی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ شہداء کا لہو اب رنگ لارہا ہے اور بھارت دنیا کے سامنے بے نقاب ہورہا ہے جس کی مثال اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی حالیہ رپورٹ ہیں جس میں کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے لیے بھارت کو ذمہ دار ٹھہرایاگیا ہے اورعلاقے میں حقائق معلوم کرنے کے لیے ایک مشن بھیجنے کی سفارش کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

شبیر احمد ڈار نے کہاکہ مقبوضہ علاقے میں حقائق جاننے کے لیے مشن بھیجنا کشمیریوں کا دیرینہ مطالبہ ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ریڈونی کا قتل عام بھارت کی بیمار اور شکست خوردہ زہنیت کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوںنے کہاکشمیریوںکا قتل عام1947ء میں جموں میں کی جانے والی نسل کشی کا تسلسل ہے جہا ں اکثریت کواقلیت میں تبدیل کردیا گیا تھا۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیریوں کی مسلسل نسل کشی کانوٹس لیں ۔

انہوںنے بھارت پر زوردیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حل کرے۔ دریںا ثناء حریت رہنما جاوید احمد میر نے ضلع پلوامہ کے علاقے پامپور میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی حکومت کی طرفداری کرنے اورمعصوم کشمیریوں کے قتل عام پر آنکھیں بندکرنے پر بھارتی ذرائع ابلاغ کی شدید مذمت کی ہے۔