ایمنسٹی سکیم سے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو گا ،افتخار بشیر

منگل 10 جولائی 2018 20:45

لاہور۔10 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2018ء) صدر گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن پاکستان چوہدری افتخار بشیر نے کہا ہے کہ ایمنسٹی سکیم سے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ سے ملکی معیشت مستحکم ہوگی، ان خیالات کا اظہار انہوںنے گرائنڈنگ ملزایسوسی ایشن کے صنعتکاروںکے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ‘انہوں نے کہا کہ ایمنسٹی سکیم کی مدت میں31جولائی تک توسیع سے معاشی استحکام آئے گا اور حکومت کے مطلوبہ اہداف پورے ہونگے ،ایمنسٹی سکیم کے تحت اندرون ملک600ارب روپے کے اثاثے ظاہر کئے گئے اور 90ارب روپے قومی خزانہ میں جمع ہوئے جبکہ 31جولائی تک100ارب روپے کا ہدف بھی پورا ہوگا،افتخار بشیر چوہدری نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اپنے اثاثے ظاہر کرنے سے ٹیکس نیٹ میں اضافہ سے پرانے ٹیکس ادا کرنے والوں پر ٹیکسوں کا بوجھ بھی کم ہوگا،انہوںنے کہا کہ عوام میں اس سکیم کی پذیرائی سے لوگ حکومت پر اعتماد کا اظہار کرکے اپنے اثاثے ظاہر کرکے ٹیکس نیٹ میں شامل ہورہے ہیں جو ایک اچھا اور مثبت عمل ہے جس سے ملکی معیشت مستحکم ہوگی،یہ سکیم ملک کی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کرے گی۔