سابقہ حکمرانوں اور ان کے پروردوں نے پاکستان کو کنگال کر کے رکھ دیا ہے‘لیاقت بلوچ

انشاء اللہ 25 جولائی کو عوام دیانتدار وں کے مقابلے میں بد دیانتوں کو شکست سے دوچار کرینگے ‘سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی

منگل 10 جولائی 2018 21:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2018ء) متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل اور حلقہ این اے 130 سے امیدوار قومی اسمبلی لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ جماعت اسلامی کی کرپشن فری تحریک نے عوام کو احتساب کا شعو ر دیاہے ، 2018 ء کے انتخابات کرپٹ اشرافیہ کا یوم حساب ثابت ہوں گے ۔ اپنے حلقہ انتخاب میں مختلف کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ الیکٹ ایبلز کی صورت میں جو سیاسی جماعتیں کچرا اکٹھا کر رہی ہیں ، یہ جمہوریت کے نام پر بدنما داغ ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ متحدہ مجلس عمل کے تمام امیدوار امانت و دیانت اور شرافت و حب الوطنی سے سرشار ہیں اور ان کے دامن کرپشن سے پاک ہیں ۔ انشاء اللہ 25 جولائی کو عوام دیانتدار وں کے مقابلے میں بد دیانتوں کو شکست سے دوچار کریں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ووٹ اور ووٹر کی عزت صرف عزت دار کو منتخب کرنے سے ہوگی ۔ ماضی کے حکمرانوں نے ووٹ کی پرچی سے اقتدار حاصل کر کے صرف اپنے مفادات کو سمیٹا جبکہ عوام کو مہنگائی ، بے روزگاری ، تعلیم ، صحت ، پینے کے صاف پانی جیسی بنیادی سہولتوں سے محروم رکھا اور ان کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا۔

انہی حکمرانوں اور ان کے پروردہ چہیتوں ، سرمایہ داروں ، جاگیرداروں ، وڈیروں اور بنک کاروں نے ملکی دولت کو لوٹ کر بیرون ملک جائیدادیں بنائیں جبکہ پاکستان کو کنگال کر کے رکھ دیا ہے ، آج یہی کرپٹ اشرافیہ معصوم بن کر ایک مرتبہ پھر عوا م کو دھوکہ دینے میں مصروف عمل ہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل پاکستان کے عوام کے حقوق کی ترجمان ہے ، ان شاء اللہ ہمیں موقع ملا تو پاکستان کی تقدیر بدل کر رکھ دیں گے ۔

پاک سرزمین پر نظام مصطفیؐ کا نفاذ اور عوام کو ان کی دہلیز پر خوشحالی پہنچائیں گے ۔ انہوںنے کہاکہ کرپٹ مافیا کے چہروں کی ہوائیاں اڑی ہوئی ہیں ، انہیں عوام کا غیظ و غضب صاف نظر آرہاہے ۔ 25 جولائی کو عوام متحدہ مجلس عمل کو کامیاب کرا کر ملک میں اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کی داغ بیل ڈالیں گے ۔