میجر جنرل فیض اللہ حمید وفاداریاں تبدیل کروانے میں ملوث ہیں،سابق وزیراعظم

میجر جنرل فیض اللہ حمید نے ہمارے امیدواروں کو جیپ کا نشان دلوانے میں اہم کردار ادا کیا،ڈی جی آئی ایس پی آر کی میجر جنرل فیض اللہ حمید کے حوالے سے سیاسی امور پر وضاحتیں دینا افسوسناک ہے،نواز شریف

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس منگل 10 جولائی 2018 19:42

میجر جنرل فیض اللہ حمید وفاداریاں تبدیل کروانے میں ملوث ہیں،سابق وزیراعظم
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-10جولائی 2018ء) :سابق وزیراعظم نواز شریف نے فوج کے اہم ترین جرنیل میجر جنرل فیض اللہ حمید پر انتہائی سنگین الزامات عائد کر دئیے۔نواز شریف کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ میجر جنرل فیض اللہ حمید وفاداریاں تبدیل کروانے میں ملوث ہیں۔ میجر جنرل فیض اللہ حمید نے ہمارے امیدواروں کو جیپ کا نشان دلوانے میں اہم کردار ادا کیا،ڈی جی آئی ایس پی آر کی میجر جنرل فیض اللہ حمید کے حوالے سے سیاسی امور پر وضاحتیں دینا افسوسناک ہے۔

تفصیلات کے مطابق نواز شریف گزشتہ ایک سال سے مسلسل سیاسی اتار چڑھاو کا نشانہ بنے ہوئے ہیں۔پانامہ کیس سے جے آئی ٹی اور جے آئی ٹی سے سپریم کورٹ کے نااہلی کے فیصلے تک نواز شریف مسلسل زوال کا شکار ہیں ۔ان حالات سے سابق وزیراعظم اتنا بوکھلا چکے ہیں کہ انہوں نے اداروں کے خلاف بولنا اپنا وطیرہ بنا لیا ہے۔

(جاری ہے)

کبھی وہ سپریم کورٹ کے فیصلے کو سازش قرار دیتے ہیں تو کبھی وہ ممبئی حملوں کی ذمہ داروی براہ راست پاکستان پر ڈال دیتے ہیں ۔

تاہم ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا پانے کے بعد سابق وزیر اعظم کی زبان میں ادارو کو لے کر مزید تلخی آچکی ہے۔ایک جانب انکی صاحبزادی یہ کہتے ہوئے نظر آتی ہیں کہ ڈرتے ہیں بندوقوں والے ایک نہتی لڑکی سے اور یہ کہ کر بلاواسطہ فوج کو نشانہ بناتی ہیں تو دوسری جانب سابق وزیر اعظم نے بھی کھل کر فوج کے خلاف محاذآرائی کرنے کا فیصلہ کرلیا ۔اس حوالے سے تازہ ترین خبر یہ ہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے فوج کے اہم ترین جرنیل میجر نرل فیض اللہ حمید پر انتہائی سنگین الزامات عائد کر دئیے۔

انکا کہنا تھا کہ میجر جنرل فیض اللہ حمید ان کی پارٹی کے نمائندوں کی وفاداریاں تبدیل کروانے میں ملوث ہیں اور انہوں نے ہی ہمارے لوگوں کو جیپ کا نشان دلوانے میں اہم کردار ادا کیا ۔نواز شریف کا کہنا تھا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی میجر جنرل فیض اللہ حمید کے حوالے سے سیاسی امور پر وضاحتیں دینا افسوسناک ہے۔اس موقع پر انہوں نے الیکشن میں فوج کے ہر قسم کے کردار کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کو چاہیے کہ وہ اس الیکشن کے تمام تر انتظامات اہنے ہاتھ میں لے لے ،ہم الیکشن کمیشن کے علاوہ کسی بھی ادارے کی مداخلت برداشت نہیں کریں گے۔

یوں انکا اشارہ فوج کی جانب تھا۔یاد رہے کہ میجر جنرل فیض اللہ حمید وہی جنرل ہیں جنہوں نے فیض آباد معاہدے کو ختم کروانے میں حکومت کا ساتھ دیا تھا۔