آصف زرداری ،بلاول بھٹو کی زیر صدارت پارٹی کی سینئر قیادت کا اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس

موجودہ سیاسی صورتحال ، بلاول بھٹو کی انتخابی سرگرمیوں میں رکاوٹیں کھڑی کرنے ،خصوصاً آصف زرداری ،فریال تالپور کی ایف آئی اے اور سپریم کورٹ میں طلبی کے حوالے سے تبادلہ خیال کرنے کے ساتھ آئندہ کی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا ․پیپلز پارٹی عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی‘آصف زرداری /منفی ہتھکنڈوں سے عوا م میں جانے سے نہیں روکا جاسکتا‘بلاول بھٹو

منگل 10 جولائی 2018 21:51

آصف زرداری ،بلاول بھٹو کی زیر صدارت پارٹی کی سینئر قیادت کا اعلیٰ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2018ء) سابق صدر مملکت آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی زیر صدارت پارٹی کی سینئر قیادت کا اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس ہوا جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال ، بلاول بھٹو کی انتخابی سرگرمیوں میں رکاوٹیں کھڑی کرنے اور خصوصاً آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی ایف آئی اے اور سپریم کورٹ میں طلبی کے حوالے سے تبادلہ خیال کرنے کے ساتھ آئندہ کی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا ۔

بلاول ہائوس لاہور میں ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں سید خورشید احمد شاہ ،قائم علی شاہ ، سید مراد علی شاہ ، رحمان ملک ، قمر زمان کائرہ ،اعزاز احسن ،نیئر بخاری ، لطیف کھوسہ ،مولا بخش چانڈیو ،نوید قمر ،چوہدری منظور اور شیری رحمان سمیت دیگر نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں انتخابی سرگرمیوں میں رکاوٹوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔

اس موقع پر آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کے حقوق کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ پیپلز پارٹی انتخابی میدان میں ہے اور ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا ۔ جبکہ بلاول بھٹو نے کہا کہ انتخابی مہم چلانا ہمارا آئینی حق ہے، جتنی مرضی رکاوٹیں ڈالیں جائیں، انتخابی مہم جاری رکھوں گا،کارکن پرامن رہیں ،منفی ہتھکنڈوں سے عوا م میں جانے سے نہیں روکا جاسکتا۔

نجی ٹی وی کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے طلب کیے جانے کے معاملے آصف زرداری نے قانونی ماہرین پر مشتمل ٹیم تشکیل دیدی ۔ ٹیم میں فاروق نائیک، اعتزاز احسن، نیئر بخاری اور لطیف کھوسہ شامل ہیں۔واضح رہے کہ منی لانڈرنگ اسکینڈل میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی ای)نے آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو آج (بدھ ) طلب کر رکھا ہے جبکہ سپریم کورٹ نے بھی منی لانڈرنگ اسکینڈل میں انہیں جمعرات کو طلب کررکھا ہے ۔