خیبر پختونخوا کی بلا امتیاز ترقی اور عوام کی خدمت مطمع نظر ہے،

قومی وطن پارٹی صوبہ کے تمام اضلاع کی بلا تفریق ترقی پر یقین رکھتی ہے،سکندر خان شیر پائو

منگل جولائی 22:20

خیبر پختونخوا کی بلا امتیاز ترقی اور عوام کی خدمت مطمع نظر ہے،
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 جولائی2018ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو نے کہا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا کی بلا امتیاز ترقی اور عوام کی خدمت مطمع نظر ہے۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی صوبہ کے تمام اضلاع کی بلا تفریق ترقی پر یقین رکھتی ہے اور اگر موقع ملا تو پسماندہ علاقوں کی تعمیر و ترقی پر خصوصی توجہ دے کر ان کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں لنڈی شاہ کوز بہرام ڈھیری میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مختلف سیاسی جماعتوں کے سرکردہ کارکنوں اور عہدیداروں مرتضٰی خان،حلیم گل،حاجی انار گل،صاحبزادہ،اشرف گل،لیاقت خان،عالمگیر خان،احسان اللہ،اختر گل،انور خان،حاجی گل عالم،اسلم جان اور ظہور احمد نے اپنے ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی نے پختونوں کو قومی دھارے میں لانے اور ان کی حقیقی تشخص کی بحالی کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائی ۔ انھوں نے کہا کہ پختونوں کے نام پر سیاست کرنے والے نام نہاد علمبرداروں اور تبدیلی سرکار نے پختونوں کی تکالیف میں کمی کے بجائے مزید اضافہ کیا اور ان کی غلط پالیسیوں کی بدولت ان کی محرومیوں میں حد درجے اضافہ ہوا۔

انھوں نے صوبہ میں جاری بے تحاشہ لوڈشیڈنگ پر تشویش کا اطہار کرتے ہوئے اس کے خاتمے کا پر زور مطالبہ کیا۔انھوں نے کہا کہ آج تمام پختون قوم کی نظریںقومی وطن پارٹی پر لگی ہوئی ہیں اور وہ سمجھ چکے ہیں کہ ان کی نمائندگی صرف اور صرف قومی وطن پارٹی ہی کرسکتی ہے جو عملی طور پر پختونوں کے بہبود اور ترقی و خوشحالی کیلئے برسرپیکار ہے۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی صوبہ میں واحد پختونوں کی نمائندہ جماعت ہے اور وہ ان کے حقوق و تحفظ کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی اور ہر کھٹن وقت میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔