آبادی میںاضافے سے پیدا ہونے والے مسائل سے آگہی انتہائی ضروری ہے

نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری کا آبادی کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

منگل 10 جولائی 2018 22:31

آبادی میںاضافے سے پیدا ہونے والے مسائل سے آگہی انتہائی ضروری ہے
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 جولائی2018ء) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے آبادی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دنیا میں بڑھتی ہوئی آبادی سے معاشی، ماحولیاتی و معاشرتی مسائل جنم لے رہے ہیں، لہٰذا اس اہم مسئلے کے پیش نظر آبادی میںاضافے سے پیدا ہونے والے مسائل سے آگہی انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ آبادی کا مناسب ہونا کسی بھی ملک وقوم کی بہتر معاشرتی و اقتصادی صورتحال کیلئے کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

آبادی میں بڑھتے ہوئے اضافے کے تناسب سے وسائل اور سہولتوں میں اضافہ کرنا ایک چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی آبادی سے بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے، لہٰذا بہتر معیار زندگی کے لئے آبادی میں اضافے کی بڑھتی شرح کو روکنا وقت کی ضرورت ہے اور اس مقصد کیلئے ریاست کے ساتھ معاشرے کے ہر طبقے کو اپنا موثر کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبادی میں اضافے کے حوالے سے عوام میں شعور اجاگر کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے۔نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا کہ آج کے دن ہمیں عزم کرنا ہے کہ آبادی کو مناسب شرح پر لانے کیلئے اجتماعی کوششوں کو مزید تیز کیا جائے گا۔