پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ملک بھر میں بلاامتیاز فلاحی و ترقیاتی منصوبے مکمل کیے، شاہد خاقان عباسی

منگل جولائی 23:49

پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ملک بھر میں بلاامتیاز فلاحی و ترقیاتی منصوبے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 جولائی2018ء) سابق وزیراعظم و رہنما پاکستان مسلم لیگ (ن) شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ملک بھر میں بلاامتیاز فلاحی و ترقیاتی منصوبے مکمل کیے، پاکستان مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی عوام کے سامنے ہے اور اپنی اسی کارکردگی کی بنیاد پر ہم عوام کے سامنے جا رہے ہیں، پاکستان مسلم لیگ (ن) کو اس کی کارکردگی اور عوامی خدمت کی بنیاد پر ووٹ ملے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی پارٹی قیادت کے فیصلے پر این اے 53 سے الیکشن لڑ رہا ہوں اور این اے 53 کا عوامی فیصلہ 25 جولائی کو سب کے سامنے ہو گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں صرف آئین کی حکمرانی چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی جماعت جیتے ہم صرف صاف، شفاف اور غیرجانبدار انتخابات چاہتے ہیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک میں ڈیمز کی تعمیر کے حوالے سے فنڈ کے قیام پر چیف جسٹس کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی گزشتہ حکومت کے دوران مہمند اور بھاشا ڈیم کے حوالے سے درپیش مسائل حل کیے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 2013ء میں جب پاکستان مسلم لیگ (ن) نے حکومت سنبھالی تو ملک میں اندھیروں کا راج تھا، روزانہ 18,18 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی لیکن ہماری قیادت نے اقتدار سنبھالتے ہی توانائی بحران کے خاتمے کے لیے موثر و ٹھوس اقدامات اٹھائے اور توانائی کے متعدد منصوبے شروع کیے اور دن رات محنت کر کے ہم نے تقریبا 11 ہزار میگا واٹ بجلی نظام میں شامل کی جس کے باعث ملک سے اندھیروں کے خاتمے میں مدد ملی۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت تھی اور محمد شہباز شریف کی بطور وزیراعلیٰ پنجاب کارکردگی سب کے سامنے ہے جو باقی صوبوں سے کافی بہتر ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ بھی کامیابی سے لڑی۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔

Your Thoughts and Comments