ہم ملک میں آئین و قانون کی بالادستی چاہتے ہیں، سید یوسف رضا گیلانی

منگل 10 جولائی 2018 23:49

ہم ملک میں آئین و قانون کی بالادستی چاہتے ہیں، سید یوسف رضا گیلانی
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2018ء) سابق وزیراعظم و پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ جماعت کے ساتھ اگر شخصیت مل جائے تو وہ ڈبل ہوجاتی ہے، میں یہاں اپنی جماعت ہی کا نمائندہ ہوں اور پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر ہی الیکشن لڑ رہا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام ’’تکرار‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ شجاع آباد سے انتخاب لڑنے کی وجہ عوامی رائے ہے کیونکہ اس علاقے کے عوام نے مجھے یہاں سے الیکشن لڑنے کے لیے تیار کیا اور یہ میرا حلقہ بھی ہے، ہم پرعزم ہیں کہ انشااللہ جیتیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھٹو صاحب کو پھانسی دی گئی جسے آج بھی ہم عدالتی قتل کہتے ہیں لیکن اس کے باوجود ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں اور عدالتوں میں پیش بھی ہوتے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید خود بھی عدالتوں میں پیش ہوتی رہیں، آصف علی زرداری بھی عدالتوں میں پیش ہوتے رہے اور میں بھی عدالتوں میں پیش ہوتا رہا یہاں تک کہ جب میرے خلاف فیصلہ آیا تو میں نے اپیل تک بھی نہیں کی، دو نوافل ادا کیے اور گھر چلا آیا کیونکہ ہم ملک میں آئین و قانون کی بالادستی چاہتے ہیں اسی لیے ہم نے اداروں کو مضبوط کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو چاہیئے کہ عدلیہ کا احترام کریں جو ناگزیر ہے۔