نگراں حکومت نے ملک میں بروقت انتخابات کے انعقاد کا عزم کیا ہے،نگراں وزیر دفاع نعیم خالد لودھی

منگل 10 جولائی 2018 23:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2018ء) نگراں وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعیم خالد لودھی نے کہا ہے کہ نگراں حکومت نے ملک میں بروقت انتخابات کے انعقاد کا عزم کیا ہے اور نگران وزیراعظم سمیت، الیکشن کمیشن، چیف جسٹس آف پاکستان، چیف آف آرمی سٹاف اور تمام اہم شخصیات نے دوٹوک الفاظ میں بڑا واضح اعلان کیا ہے کہ انتخابات بروقت ہوں۔

منگل کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں میڈیا آزاد ہے اور اب تو سوشل میڈیا ایک ایسا پلیٹ فارم ہے کہ جہاں ہر شخص اپنے جذبات کا اظہار کھلے عام اور آزادانہ طور پر کر سکتا ہے جس کی وجہ سے اب کوئی چیز بھی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہونے والے انتخابات کو مانیٹر کرنے کے لیے عالمی میڈیا پاکستان آ چکا ہے اور وہ حالیہ صورت حال کو بھی مانیٹر کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قومی اور بین الاقوامی میڈیا کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ اپنا کام آزادانہ طریقے سے بہتر طور پر کر سکیں۔ نگران وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ آزادانہ و منصفانہ اور شفاف انتخابات کا بروقت انعقاد نگران حکومت کی ذمہ داری ہے جسے پورا کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں اور الیکشن کمیشن موجودہ نگران حکومت اور افواج پاکستان سے جو بھی تقاضا کر رہا ہے اس کے لیے بھرپور تیاری کی جا رہی ہے اور اس مرتبہ تو پولنگ سٹیشن کے اندر بھی سکیورٹی کے لوگوں کو کھڑا کیا جائے گا جنہیں باقاعدہ تربیت بھی دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد کی ذمہ داری عوام اور سیاسی جماعتوں کی بھی ہے اس لیے سب کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے۔ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جو لوگ اپنے پیار کا اظہار کرنا چاہتے ہیں کرتے رہیں، قانون اپنے راستے پہ چلتا رہے اور پاکستان کے اثاثوں کی حفاظت ہوتی رہے، پاکستانی اثاثوں کی حفاظت تو ہر حال میں مکمل طور پر کی جائے گی، قانون بھی اپنے راستے پر ضرور چلتا رہے گا اور لوگ بھی اپنے پیار کا ظہار کرتے رہیں گے، اس طرح اگر یہ تینوں چیزیں چلتی رہیں اور ان کا آپس میں کہیں کوئی تصادم نہ ہو تو کوئی مسئلہ نہیں ہے۔