موجودہ حکومت صحت کی سہولیات عوام کو فراہم کرنے اور ماحولیاتی مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ اور ٹھوس اقدامات کر رہی ہے صوبائی وزیرصحت و ماحولیات فیض کاکڑ

منگل 10 جولائی 2018 23:30

کوئٹہ۔10جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2018ء) ۔ صوبائی وزیرصحت و ماحولیات فیض کاکڑ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت صحت کی سہولیات عوام کو فراہم کرنے اور ماحولیاتی مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ اور ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ انہوںنے بتا یا کہ ماحولیات کی بہتری کیلئے اقدامات اور عوامی بیداری کی غرض سے انہوںنے ہنہ سے مہم کا آغاز کیا ہے۔

اور انشاء اللہ جلد پورے صوبے میں اس سلسلے میں نتیجہ خیز اقدامات کئے جائیں گے۔ صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ایک ہے۔ حکومت کی صحت پالیسی پر عملدرآمد اور ماحول کے تحفظ کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جارہے ہیں گزشتہ دنوں صوبائی وزیر نے ہنہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانے ، ہسپتالوں اور ڈسپینسر یوں میں ادویات کی فراہمی ، طبی عملہ کو حاضری اور فرائض کی ادائیگی کا پابند بنانا اور ماحولیاتی آلودگی کے انسداد کیلئے حکومتی اقدامات جاری ہیں لیکن وہ صرف عوام کے بھر پور تعاون سے ہی نتیجہ خیز بنائے جاسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کوئٹہ میں مختلف وفود سے ملاقاتوںاور علاقوں کے دورے کے دوران کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کے انسداد کیلئے حکومتی اقدامات کے ساتھ ساتھ عوم میں بیداری مہم چلانے کی ضرورت ہے۔ اور اس سلسلے میں غیر سرکاری تنظمیں اور سول سوسائٹی نہایت فعال اور اہم کردار اد کرسکتی ہے۔ انہوںنے کہا کہ ہسپتالوں میں صحت مند ماحول مہیا کرنے کے ساتھ ساتھ مناسب علاج معالجہ اور ادویات کی فراہمی پرخطیر رقم خرچ کئے جارہے ہیں ۔

انہیں بار آور بنانے کیلئے طبی عملہ ، صفائی ستھرائی کے ذمہ دار اداروں کے ساتھ ساتھ خود عوام کو بھر پور تعاون کرنا چاہیئے تاکہ حکومتی اقدامات کے نتائج برآمد کئے جاسکیں۔ صوبائی وزیر نے کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں گندے پانی کی سبزیوں کی کاشت پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ طبی ماہرین اپنی اس رائے کا اظہار کرچکے ہیں کہ گندے پانی میں کاشت کی گئی سبزیوں کے استعمال سے شہر میںطر ح طرح کی بیماریاں پھیل رہی ہیں خاص طور سے انسانی صحت پر مضر اثرات مرتب ہورہے ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ گندے پانی کی سبزیوں کی کاشت کے عمل کی حوصلہ شکنی ضروری ہے ۔ انہوںنے کہا کہ سبزیوں کی کاشت کیلئے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانا اور صاف پانی سے کاشت کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی