عام انتخابات کے پر امن اور شفاف انعقاد کویقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں،صوبائی وزیر داخلہ آغا عمر بنگلزئی

منگل جولائی 23:30

کوئٹہ۔10جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 جولائی2018ء) صوبائی وزیر داخلہ آغا عمر بنگلزئی نے کہا ہے کہ عام انتخابات کے پر امن اور شفاف انعقاد کویقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں، انہوںنے کہا کہ صوبہ بھر میں انتخابی عمل کے دوران پر امن ماحول کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اور حساس پولنگ اسٹیشنوں پر آنے جانے والوں پر نظر رکھنے کی غرض سے سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کئے جائیں ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر داخلہ نے کیسکو کے چیف ایگزیکٹو انجینئر عطاء اللہ بھٹہ کوہدایت کی کہ اس دوران بجلی کی فراہمی میں تسلسل کو ہر صورت برقرار رکھاجائے تاکہ حکومت کی طرف سے سیکیورٹی کیلئے کئے گئے انتظامات کو بار آور بنایا جاسکے ۔ کیسکو کے چیف ایگزیکٹو نے صوبائی وزیر کو یقین دہانی کرائی کہ انتخابی عمل کے دوران بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کیئے جائیں گے۔ انہوںنے کہا کہ کیسکو لوڈ شیڈنگ کو کم کرنے کی ہر ممکن کوشش کررہا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ الیکشن کے دوران ضرورت کے مطابق بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔