پرامن رہتے ہوئے میاں نواز شریف اور مریم نواز کا لاہور میں استقبال کریں گے،نیب نواز شریف اور مریم نواز کو پہلے رائے ونڈ آنے کی اجازت دے پھر گرفتار کرے، الیکشن کمیشن ہمارے اعتراضات پر غور کرے، شفاف اور غیر جانبدار الیکشن کی ذمہ داری الیکشن کمیشن اور نگراں حکومت پر عائد ہوتی ہے، سابق وزیر اطلاعات مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کی نجی ٹی وی سے گفتگو

بدھ 11 جولائی 2018 00:10

پرامن رہتے ہوئے میاں نواز شریف اور مریم نواز کا لاہور میں استقبال کریں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 جولائی2018ء) سابق وزیر اطلاعات مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پرامن رہتے ہوئے میاں نواز شریف اور مریم نواز کا لاہور میں استقبال کریں گے، الیکشن کمیشن ہمارے اعتراضات پر غور کرے،نیب کو چاہیے انہیں رائے ونڈ اپنے گھر آنے دے اس کے بعد انہیں گرفتار کیا جائے منگل کو نجی ٹی وی سے گفتگو کر تے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہمارے اعتراض کا مقصد یہ نہیں کہ (ن) لیگ انتخابات کا بائیکاٹ کرے گی۔

نواز شریف3 بار اس ملک کے وزیر اعظم رہ چکے ہیں ۔ اگر انتخابات کے حوالے سے کوئی اعتراض پیش کررہے ہیں تو الیکشن کمیشن کو چاہیے کہ ان کی بات پر غور کرے ۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ شفاف اور غیر جانبدار الیکشن کی ذمہ داری الیکشن کمیشن اور نگراں حکومت پر عائد ہوتی ہے ۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) نے ایک اینٹی رگنگ سیل بھی قائم کیا ہے جلد اس کا یو اے این نمبر بھی جاری کرینگے کہ جہاں بھی کوئی ایسی کارروائی نظر آئے تو اسی پور فوری اطلاع دی جائے ۔

رگنگ سے متعلق ثبوت بھی سامنے لائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز کا بھرپور استقبال لاہور میں کرینگے اور ہم تمام انتظامات پر امن رہتے ہوئے کرینگے ۔ دفعہ144 میں کہیں بھی لاہور ائیر پورٹ جانے پر پابندی نہیں ہے ۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پارٹی صدر شہباز شریف واضح طور پر کہ چکے ہیں کہ پر امن رہ کر اپنے قائد کا استقبال کرنا ہمارا آئینی و قانونی حق ہے ۔ نواز شریف اور ان کی بیٹی نے قانون کی پاسداری کرتے ہوئے پیشیاں بھگتی ہیں ۔ نیب کو چاہیے انہیں رائے ونڈ اپنے گھر آنے دے اس کے بعد انہیں گرفتار کیا جائے ۔