ْعوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار بیرسٹر ہارون بلور پشاور میں خودکش دھماکے میں شہید ہو گئے

یکہ توت میں اے این پی کی کارنر میٹنگ کے دوران خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا

بدھ 11 جولائی 2018 00:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2018ء) عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے امیدوار بیرسٹر ہارون بلور پشاور میں خودکش دھماکے میں شہید ہو گئے۔ منگل کی رات کو پشاور کے علاقے یکہ توت میں اے این پی کی کارنر میٹنگ کے دوران خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا ۔ نجی ٹی وی چینل کے مطابق بلور خاندان نے ہارون بلور کی شہادت کی تصدیق کر دی ہے۔

(جاری ہے)

2012ء میں ہارون بلور کے والد بشیر بلور کو بھی انتخابی مہم کے دوران دہشتگردوں نے شہید کر دیا تھا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے میں اے این پی کے امیدوار بیرسٹر ہارون بلور سمیت 4 افراد شہید اور 20 زخمی ہو گئے ہیں۔ مختلف نجی ٹی وی چینلز کے مطابق دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کی میتیں اور زخمی ہونے والے افراد کو پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے، زخمیوں میں سے زیادہ تر کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق یہ خود کش دھماکہ تھا۔