ہارون بلور کے صاحبزادے کی شہادت کی تردید سامنے آ گئی

دانیال بلور دھماکے سے پہلے جائے وقوعہ سے باہر آچکے تھے ،وہ اس دھماکے میں زخمی ہوئے ہیں تاہم انکی حالت خطرے سے باہر ہے

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس بدھ 11 جولائی 2018 00:39

ہارون بلور کے صاحبزادے کی شہادت کی تردید سامنے آ گئی
پشاور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار- 11 جولائی 2018ء) :ہارون بلور کے صاحبزادے کی شہادت کی تردید سامنے آ گئی۔ دانیال بلور دھماکے سے پہلے جائے وقوعہ سے باہر آچکے تھے ،وہ اس دھماکے میں زخمی ہوئے ہیں تاہم انکی حالت خطرے سے باہر ہے۔تفصیلات کے مطابق پولیس کے مطابق خودکش حملہ پشاور کے علاقے یکہ توت میں اس وقت ہوا جب ہارون بلور کارنر میٹنگ میں داخل ہوئے اور اسٹیج کی طرف جارہے تھے کہ خودکش حملہ آور نے انہیں نشانہ بنایا۔

دھماکہ اسٹیج کے قریب ہوا اور دھماکے میں سیاسی قیادت کو نشانہ بنایا گیا ہے۔دھماکے سے قریبی املاک کو شدید نقصان پہنچا جبکہ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ اب تک موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں 15افراد شہید جبکہ متعددافراد زخمی ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

اس دھماکے میں بشیر بلور کے صاحبزادے ہارون بلور بھی شہید ہوچکے ہیں جبکہ 30سے زائد لوگ زخمی ہیں۔

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور متعلقہ ادارے موقع پر پہنچ گئے ہیں۔امدادی کاروائیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔اس دھماکے کے حوالے سے بتایا جا رہا ہے کہ وہ خودکش دھماکہ تھا اور اس دھماکے میں 8 سے 10کلو گرام دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا تھا۔اس دھماکے میں ہونے والی ہلاکتوں کے حوالےسے بھی متضاد خبریں آ رہی ہیں۔

ریسکیو ذرائع اب تک 15لاشوں کو موقع سے لےجانے کی تصدیق کردی ہے۔اس حوالے سے خبر یہ بھی تھی کہ ہارون بلور کے صاحبزادے دانیال بلور بھی شہید ہوچکے ہیں تاہم اب تازہ ترین خبر کے مطابق انکی شہادت کی تردید کر دی گئی ہے۔کہا گیا ہے کہ وہ دھماکے سے پہلے جائے وقوعہ سے باہر آچکے تھے ۔وہ اس دھماکے میں زخمی ہوئے ہیں تاہم انکی حالت خطرے سے باہر ہے۔