کیپٹن (ر) صفدر کی پہاڑ میں کلاشنکوف کے ساتھ لی گئیں تصاویر پر ان کا مذاق بن گیا

ان کو لگتا ہے کہ یہ اس طرح کی جوکری کر کے بہت بڑی تحریک چلا لیں گے۔ سینئیر صحافی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 11 جولائی 2018 12:19

کیپٹن (ر) صفدر کی پہاڑ میں کلاشنکوف کے ساتھ لی گئیں تصاویر پر ان کا مذاق ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 جولائی 2018ء) : ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں احتساب عدالت سے سزا پانے والے کیپٹن (ر) صفدر سزا کا سنتے ہی روپوش ہو گئے۔ کیپٹن (ر) صفدر کے روپوش ہونے پر پہلے تو کہاگیا کہ وہ مانسہرہ میں اپنی انتخابی مہم میں مصروف ہیں جس کے بعد ان کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جو غالباً کسی پہاڑ کی تھی ، اس تصویر میں کیپٹن (ر) صفدر کے ہمراہ ایک اور شخص بھی موجود تھا جبکہ ان کے پاس دو کلاشنکوف بھی پڑی ہوئی تھیں۔

کیپٹن (ر) صفدر کی اس تصویر پر ان کا کافی مذاق بھی اُڑایا گیا۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے سینیر صحافی عامر متین نے کہا کہ پہلے پہل میں بھی یہی سمجھا تھا کہ کیپٹن (ر) صفدر کی یہ تصویرفوٹو شاپ کی گئی ہے ، لیکن پھر یہ تصویر اخبارات میں بھی چھپ گئی اور اس پر کوئی تردید بھی سامنے نہیں آئی جس پر مجھے یقین ہو گیا کہ یہ انہی کی تصویر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ تو ایسے بیٹھے ہیں جیسے نواب اکبر بگٹی ہے اور یہ ریاست پاکستان سے ٹکر لینے جا رہے ہیں، عامر متین نے ان کا مذاق اُڑاتے ہوئے کہا کہ ان کو لگتا ہے کہ اس طرح کی جوکری والے کام کر کے یہ ایک تحریک چلا لیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل یہ لوگ گرفتاری دینے سے ڈر رہے تھے، لیکن راولپنڈی میں جو کارکنوں کے درمیان سے کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کیا گیا اس سے ان کا حوصلہ بڑھ گیا ہے۔

اور اسی وجہ سے نواز شریف اور مریم نواز کو بھی واپس آنے کا حوصلہ ملا ہے۔جو راولپنڈی میں ہوا اس سے بڑا مجمع لاہور ائیر پورٹ پر ہو گا۔ یاد رہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں احتساب عدالت سے سزا پانے والے کیپٹن (ر) صفدر کو اتوار کے روز نیب نے حراست میں لیا تھا جس کے بعد انہیں پیر کے روز احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔ احتساب عدالت نے کیپٹن (ر) صفدر کو اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا حکم دیا جس کے بعد انہیں اڈیالہ جیل کی اے کلاس کیٹگری میں منتقل کر دیا گیا۔