عام انتخابات 2018ء، فیس بُک انتظامیہ کا الیکشن کمیشن آف پاکستان سے رابطہ

فیس بُک نے عام انتخابات سے متعلق خصوصی ٹرینڈ بنانے کی پیشکش کر دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 11 جولائی 2018 14:53

عام انتخابات 2018ء، فیس بُک انتظامیہ کا الیکشن کمیشن آف پاکستان سے رابطہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 جولائی 2018ء) : عام انتخابات 2018ء میں 13 روز باقی ہیں۔ عام انتخابات کے پیش نظر سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے رابطہ کر لیا ہے۔ فیس بُک نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو الیکشن سے متعلق خصوصی ٹرینڈ بنانے کی پیشکش بھی کی۔ ذرائع نےبتایا کہ فیس بُک کی جانب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی 8300 کی سروس کی پروموشن بھی کی جائے گی۔

فیس بُک انتظامیہ نے الیکشن کمیشن کو فیس بُک پر انتخابی جماعتوں کے جعلی پیجز کے خاتمے میں مدد کی پیشکش بھی کی۔ذرائع نے بتایا کہ فیس بُک ووٹرز ڈے اور دیگر دنوں کےحوالے سے الیکشن کمیشن کی تشہیری مہم بھی چلائے گا۔ فیس بُک انتظامیہ کی اس پیشکش پر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے جواب دیا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کا تاحال فیس بُک پر کوئی آفیشل پیج نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان اس ضمن میں ایک اجلاس طلب کرے گی اور عام انتخابات 2018ء کے دوران فیس بُک کی جانب سے تشہیری مہم کی پیشکش پر بات کی جائے گی ، الیکشن کمیشن آف پاکستان افسران سے اس معاملے پر بات کرنے اور اجلاس میں اس معاملے پر غور کرنے کے بعد ہی فیس بُک انتظامیہ کو جواب دے گا۔واضح رہے کہ اس سے قبل سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک نے پاکستان میں الیکشن سے پہلے اپنی سیکورٹی بہتر بنانے کا اعلان کیا گیا تھا۔

فیس بک نے پاکستان میں انتخابات کو شفاف بنانے اور جعلی و سنسی خیز خبروں کو روکنے کے لیے اہم اقدامات کا دعوی بھی کیا۔ فیس بک انتظامیہ نے کہا کہ وہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں انتخابات کی معتبر ساکھ یقینی بنانے کے لئے پرعزم اور اس سلسلے میں انتخابات میں فیس بک کا غلط استعمال روکنے کے لیے مختلف اقدامات اٹھائے ۔پاکستان میں فیس بک کے نمائندے صارم عزیز کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ فیس بک پاکستان سمیت پوری دنیا میں انتخابات کی شفافیت کے لیے کام کر ر ہی ہے اور اس مقصد کے لیے بڑی تعداد میں ملازمین بھی بھرتی کئے ہیں۔

فیس بک سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو تضحیک سے بچانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے جبکہ جعلی فیس بک اکاونٹس اور بے بنیاد افواہیں ختم کرنے کے لیے بھی کام جاری ہے۔ صارم عزیز نے کہا کہ فیس بک انتظامیہ پاکستان کے انتخابی سسٹم کو سمجھنے اور اس ضمن میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلانے اور عوام کو گمراہ کرنے کے الزامات کے بعد فیس بک انتظامیہ نے سیکورٹی الرٹ کے تحت اقدامات اُٹھانے کا فیصلہ کیا تھا۔