3جولائی انتخاب سے بڑا معرکہ ہے ،

نواز شریف کا تاریخی استقبال پوری دنیا دیکھے گی ‘ حمزہ شہباز

بدھ 11 جولائی 2018 16:17

3جولائی انتخاب سے بڑا معرکہ ہے ،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2018ء) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ 13جولائی انتخابات سے بڑا معرکہ ہے اور (ن) لیگ کے شیروں کے ساتھ پوری قوم نواز شریف کے استقبال کیلئے باہر نکلے گی ،لیگی کارکنوں کی پکڑ دھکڑ اور ہراساں کرنے کا قابل مذمت ہے، اس سے الیکشن کی شفافیت پر سوال اٹھیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے (ن) لیگ پارٹی سیکرٹریٹ میں ملاقات کرنے والوں میں مختلف مکاتب فکر کے نمائندوں، سینئر سیاستدانوں، ٹکٹ ہولڈرز، خواتین ،سابق پارلیمینٹیرئینز، نوجوانوں اور سیاسی کارکنان کی بڑی تعداد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ 13جولائی الیکشن سے بڑا معرکہ ہے،(ن) لیگ کے شیروں کے ساتھ پوری قوم نواز شریف کے استقبال کے لیے باہر نکلے گی،قوم کے نجات دہندہ نواز شریف کا شایان شان تاریخی استقبال پوری دنیا دیکھے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی سمیت پنجاب اور ملک بھر میں مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی پکڑ دھکڑ اور ہراساں کرنے کا قابل مذمت ہے، پکڑ دھکڑکاسلسلہ انکے مخالفین کی بالواسطہ حمایت کے مترادف ہے اس سے الیکشن کی شفافیت پر سوال اٹھیں گے، قوم کسی کو مینڈیٹ میں نقب لگانے کی اجازت نہیں دے گی۔

انہوں نے کہا کہ قوم بیدار ہے سب اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود پاکستان مسلم لیگ (ن) ملک بھر سے تاریخ کی سب سے بڑی کامیابی حاصل کرے گی، 25 جولائی کو انشااللہ پورے ملک میں شیر دھاڑے گا۔حمزہ شہباز نے پشاور دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی اور شہدا و زخمیوں کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کیا اور کہا کہ سانحہ حکومت اور سکیورٹی کے ذمہ داران کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔