پشاور میںاے این پی کی کارنر میٹنگ میں بم دھماکہ کی شدید مذمت کرتے ہیں،آفاق احمد

ہارون بلور کی شہادت پر بلور خاندان اور اے این پی کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں،چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ

بدھ 11 جولائی 2018 15:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2018ء) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے پشاور میں اے این پی کی کارنر میٹنگ میں بم دھماکہ کی شدید مذمت اور قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اپنے مذمتی بیان میں آفاق احمد نے کہا کہ پشاور دھماکہ الیکشن سبوتاژ کرنے کی سازش ہے جسے ناکام بنانا ریاست اور ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے۔

آفاق احمد نے کہا کہ بلور خاندان اس سے پہلے بھی دکھ اٹھا چکا ہے ، ہارون بلور کی شہادت پر بلور خاندان اور اے این پی کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ آفاق احمد نے کہا کہ برسوں سے نیشنل ایکشن پلان اور آہنی ہاتھوں سے نمٹنے جیسے بیانات سنتے چلے آرہے ہیں لیکن دہشت گردہیں کہ ختم ہی نہیں ہورہے، سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ جب انتخابی عمل میں شریک افراد اور سیاستدان ہی غیر محفوظ ہیں تو پھر انتخابات کا کیا ہوگا ۔

(جاری ہے)

آفاق احمد نے کہا عوام کو تحفظ فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہوتی ہے جس میں اس وقت ریاست ناکام نظر آرہی ہے ، جب تک ریاست کی رٹ چیلنج کرنے والے دہشت گردوں کو ختم نہیں کیا جاتا تب تک انتخابات کے پرامن انعقاد پر سوالیہ نشان لگا رہے گا۔آفاق احمد نے شہداء کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے دعا کہ اللہ شہدا ء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔