امریکا کو نوجوان پاکستانی قیادت کی اگلی نسل تیار کرنے کے عمل میں مقامی اداروں کے ساتھ اشتراک پر فخر ہے

امریکی سفارتخانہ کے ناظم الامور جان ہوور کا امریکی سفارتخانے کے تعاون سے انگلش ایکسیس مائیکرو اسکالرشپ کے دو نئے پروگراموں کے آغاز کے موقع پر تقریب سے خطاب

بدھ 11 جولائی 2018 16:51

امریکا کو نوجوان پاکستانی قیادت کی اگلی نسل تیار کرنے کے عمل میں مقامی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2018ء) امریکی سفارتخانہ کے ناظم الامور جان ہوور نے کہا ہے کہ امریکا کو نوجوان پاکستانی قیادت کی اگلی نسل تیار کرنے کے عمل میں مقامی اداروں کے ساتھ اشتراک پر فخر ہے۔انہوں نے یہ بات بدھ کو یہاں امریکی سفارتخانہ کے تعاون سے انگلش ایکسیس مائیکرو اسکالرشپ کے دو نئے پروگراموں کے آغاز کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جن میں سے ایک سر سید پبلک سکول راولپنڈی اور دوسرا وژن بلڈنگ فیوچر کی توسط سے پاکستان سویٹ ہوم میں چلایا جائے گا۔

ان پروگراموں سے 350 سے زیادہ طالبعلم مستفید ہوں گے۔امریکی سفارتخانہ کے ناظم الامور جان ہوور نے پروگرام کی افتتاحی تقریب کے موقع پر پاکستان میں تعلیمی شعبہ میں امریکا کی جانب سے جاری تعاون کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان پاکستانی قیادت کی اگلی نسل تیار کرنے کے عمل میں مقامی اداروں کے ساتھ اشتراک پر امریکی سفارتخانہ کو فخر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے طالبعلموں کو مبارکباد پیش کی اور انہیں نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس موقع کو نئے خیالات کی تلاش اور ایک دوسرے سے سوالات پوچھنے کے لیے استعمال کریں، کیوں کہ وہ نوجوان قائدین ہیں جو ایک بہتر پاکستان، بہتر دنیا اور ایک بہتر مستقبل کے معمار ہیں۔

ایکسیس مائیکرو اسکالرشپ پروگرام پسماندہ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو سکول کے بعد دو سالہ بھرپور نشستوں کے ذریعے انگریزی زبان کی مہارتیں سیکھنے کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔2006 سے اب تک، 14000 سے زائد پاکستانی طالبعلم اس پروگرام میں شرکت کرچکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :