مشاہدحسین سید کا نگران وزیراعلی پنجاب کے نام خط

راولپنڈی میں نون لیگ کے 200 کارکنوں،امیدواروں اور سینیٹرز کے خلاف مقدمات پر احتجاج

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 11 جولائی 2018 16:35

مشاہدحسین سید کا نگران وزیراعلی پنجاب کے نام خط
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔11جولائی۔2018ء) مسلم لیگ( ن) کی سینٹرل میڈیا کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سید نے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب حسن عسکری رضوی کو خط لکھاہے،جس میں کہاگیاہے کہ مسلم لیگ( ن) کے راولپنڈی میں 200سے زائد کارکنوں،امیدواروں اور سینیٹرز کو جھوٹے مقدمات میں گرفتار کرلیاگیا،،نگران پنجاب حکومت ان اقدامات سے دھاندلی میں حصہ دار بن گئی ہے۔

سینیٹر مشاہد حسین سید نے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کے نام خط میں لکھا کہ مسلم لیگ( ن) کے کارکنوں،امیدواروں اور سینیٹرز کی گرفتاری سے نہ صرف سیاسی ماحول میں بگاڑ پیدا ہوا بلکہ یہ سیاسی مخالفین کو انتخابات میں فری ہینڈ دینے کے مترادف ہے، یہ گرفتاریاں الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ( ن) کے قائد محمد نواز شریف کا استقبال کرنا ان کاسیاسی حق ہے، جس سے محروم نہیں کیا جاسکتا ، نوازشریف کی آمدکے موقع پر دفعہ 144 کا نفاذ نہ صرف جمہوری روایات کی پامالی بلکہ انتخابی ماحول پر اثرانداز ہونے کی مذموم کوشش بھی ہے۔

خط میں یہ بھی کہا گیا کہ نگران پنجاب حکومت کے حالیہ اقدامات شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کی روح کے منافی ہیں،درخواست ہے کہ ایسے اقدامات فوری واپس لیں، ورنہ تاثر پیدا ہو گا کہ آپ پری پول دھاندلی میں شریک ہو گئے ہیں۔سینیٹر مشاہد حسین نے امید ظاہرکی کہ نگران پنجاب حکومت انتخابات کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے عمل میں حصے دار نہیں بنے گی،اورخط میں اٹھائے گئے نکات پر فوری ایکشن لے کر ان کے تحفظات دور کرےگی۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ( ن) کے قائد محمد نواز شریف کا استقبال کرنا ان کاسیاسی حق ہے، جس سے محروم نہیں کیا جاسکتا ، نوازشریف کی آمدکے موقع پر دفعہ 144 کا نفاذ نہ صرف جمہوری روایات کی پامالی ہے۔