سیاسی جماعتوں نے اپنی پوزیشن واضح کرنے کے لیے '' خصوصی تشہیری گاڑیاں '' متعارف کرا دی

بدھ 11 جولائی 2018 16:55

سیاسی جماعتوں نے اپنی پوزیشن واضح کرنے کے لیے '' خصوصی تشہیری گاڑیاں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2018ء) سیاسی جماعتوں کے امیدواروں نے انتخابی مہم کا ضابطہ اخلاق سخت ہونے کے سبب حلقوں میں اپنی سیاسی پوزیشن واضح کرنے کے لیے '' خصوصی تشہیری گاڑیاں '' متعارف کرا دی ہیں ۔ یہ خصوصی تشہیری گاڑیاں چھوٹے لوڈنگ ٹرکس اور دیگر پر مشتمل ہیں ۔ ان گاڑیوں کے پچھلے حصے پر خصوصی ہوڈنگز رکھے گئے ہیں ، جن پر سیاسی مختلف امیدواروں کے نام جماعتیں اور انتخابی منشور کو اجاگر کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

یہ گاڑیاں رات کے اوقات میں مختلف حلقوں میں گھوم کر امیدواروں کی انتخابی مہم چلانے میں معاون ثابت ہو رہی ہیں ۔ یہ گاڑیاں الکرم اسکوائر لیاقت آباد پر خصوصی طور پر تیار کی جا رہی ہیں ۔ ان کا الیکشن مہم کا کرایہ ایک سے ڈیڑھ لاکھ کے درمیان ہے ۔ دوسری جانب سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں نے اپنی انتخابی رابطہ مہم کے لیے بڑے پیمانے پر ضابطہ اخلاق کے مطابق چھوٹے بینرز ، پمفلٹ اور ہینڈ بلز تیار کرا لیے ہیں اور مزید تیار کرائے جارہے ہیں ۔ یہ ہینڈ بلز گھر گھر جا کر تقسیم کیے جا رہے ہیں ۔ ہینڈ بلز پر سیاسی جماعتوں کا منشور ، امیدواروں کا تعارف اور انتخابی مواد کو اجاگر کیا گیا ہے ۔