منامہ:غیر مُلکیوں کے لیے بحرین دُنیا بھر میں بہترین مُلک قرار

بدترین ممالک میں یونان‘ کویت اور نائیجریا سرفہرست

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 11 جولائی 2018 16:42

منامہ:غیر مُلکیوں کے لیے بحرین دُنیا بھر میں بہترین مُلک قرار
منامہ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11 جُولائی 2018) ایک سروے کے مطابق خلیجی ملک بحرین کو غیر مُلکیوں کی رہائش‘ ملازمت اور دوستانہ ماحول کے حوالے سے 2017ء کا بہترین ملک قرار دِیا گیا۔ غیر مُلکیوں کے حوالے سے کروائے گئے سروے کے مطابق غیر مُلکیوں کے لیے سازگار ممالک کی فہرست میں بحرین کے بعد لاطینی امریکا کے ممالک میکسیکو اور کوسٹاریکا کا نمبر آتا ہے۔

ان تینوں ممالک کی حکومتیں اور باشندے غیر مُلکیوں کو خوش آمدید کہنے اور اُن کے اپنے مُلک میں قیام کے حوالے سے خاصے گرم جوش نظر آتے ہیں۔جبکہ غیر مُلکیوں کے لیے غیر موزوں ترین ممالک میں یونان‘ کویت اور نائیجریاسرفہرست ہیں۔ غیر مُلکیوں کے لیے بہترین اور بدترین ممالک کے حوالے سے سروے کا انعقاد غیر مُلکیوں کی نمائندہ تنظیم انٹر نیشنز کی جانب سے کروایا گیا تھا جو دُنیا بھر میں اپنا اثر و رسوخ رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

اس سروے میں دُنیا بھر کے مختلف ممالک میں بسنے والے تیرہ ہزار تارکین وطن سے بات چیت کی گئی۔ جس کے بعد مرتب کیے گئے نتائج کے مطابق غیر مُلکیوں کے لیے روزگار‘ رہائش اور دوستانہ ماحول کے حوالے سے بحرین سرفہرست ہے ‘ اس کے بعد کوسٹا ریکا‘ میکسیکو‘ تائیوان‘ پُرتگال‘ نیوزی لیند‘ مالٹا‘ کولمبیا‘ سنگاپور اور سپین کے نمبر آتے ہیں۔ دُوسری جانب غیر مُلکیوں کے لیے دس بدترین ممالک میں یونان‘ کویت‘ نائیجیریا‘ برازیل‘ سعودی عرب‘ اٹلی‘ یوکرائن‘ قطر‘ بھارت اور تُرکی سرفہرست ہیں۔

ان ممالک میں کیریئر کی ترقی کے امکانات بہت کم ہیں۔ معیار زندگی کو برقرار رکھنے کی مستقل جدوجہد نائیجریا اور کویت میں سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ تقریباً 23 فیصد غیر مُلکی کویت میں اپنی زندگی سے غیر مطمئن نظر آتے ہیں جبکہ نائیجریا میں انسانی جان کو لاحق شدید خطرات کے باعث غیر مُلکی اسے رہائش کے لیے موزوں جگہ نہیں سمجھتے۔ حیران کُن طور پر آسٹریلیا میں مقیم غیر مُلکیوں نے بھی یہاں قیام پرعدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ملازمتوں کی کمی کی شکایت کی۔ صرف 54 فیصد غیر مُلکی یہاں رہائش پر مطمئن نظر آئے جبکہ 2016ء میں یہ شرح 68 فیصد تھی۔